Thursday, April 25, 2024

وفاقی حکومت نے جزوی لاک ڈاؤن کے دوران گندم کی کٹائی کرنے والے مزدوروں کو استثنیٰ دے دیا

وفاقی حکومت نے جزوی لاک ڈاؤن کے دوران گندم کی کٹائی کرنے والے مزدوروں کو استثنیٰ دے دیا
April 15, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) گندم کی کٹائی سے متعلق رکاوٹیں ختم ہو گئیں۔ وفاقی حکومت نے جزوی لاک ڈاؤن کے دوران گندم کی کٹائی کرنے والے مزدوروں کو استثنیٰ دے دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا گندم کٹائی کا سیزن ہے، اس میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں آنی چاہئے۔ نائنٹی ٹو نیوز نے گندم کی کٹائی کے سیزن اور کسانوں کی آمدو رفت میں رکاوٹوں سے متعلق آواز اٹھائی تھی اور گندم کے آخری دانے سے نئی فصل کی بوائی کے دوران کاشتکار کو در پیش  ہر مسئلے کو اٹھاتا رہے گا ۔ قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ملک میں لاک ڈاؤن کیا گیا، ہماری قوم نے لاک ڈاؤن پرخود کو محفوظ رکھا جو اور ملک نہیں رکھ سکے ، کورونا وائرس پبلک جمع ہونے پر تیزی سے پھیلتا ہے، 26 کیسز پر ہم نے ملک میں لاک ڈاؤن ک آغاز کیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ذہن میں رکھیں کسی بھی وقت کورونا وائرس پھیل سکتا ہے، ہمیں احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے۔ ہم جتنی بھی احتیاط کر رہے تھے اس سے زیادہ اور کرنی ہے، ہمیں پہلے سے زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا وائرس کی وجہ سے دیہاڑی دار طبقے کی فکر ہوتی ہے، چھوٹا طبقہ ایک دم بیروز گار ہو گیا، اسپتالوں میں سہولتیں ہیں، دنیا سے سامان منگوایا ہے، ابھی تک تو ہم ٹھیک چل رہے ہیں، خدانخواستہ کورونا بڑھ گیا تو ہمارا ہیلتھ سسٹم مقابلہ نہیں کرسکے گا۔ ایک ہی وقت میں دو محاذوں پر لڑ رہے ہیں۔