Friday, April 26, 2024

وفاقی حکومت نے بجٹ سے قبل نیا این ایف سی ایوارڈ جاری کرنے کی یقین دہانی کرادی

وفاقی حکومت نے بجٹ سے قبل نیا این ایف سی ایوارڈ جاری کرنے کی یقین دہانی کرادی
November 28, 2016

اسلام آباد(92نیوز)وفاقی حکومت نے بجٹ سے قبل نیا این ایف سی ایوارڈ جاری کرنے کی یقین دہانی کرادی، وزیر خزانہ اسحاق ڈار کہتے ہیں کہ صوبوں کے ساتھ باقاعدہ مذاکرات دسمبر کے آخری ہفتے میں شروع ہوں گے، صوبوں کا حصہ کم نہیں کیا جاسکتا، نیشنل سیکیورٹی فنڈ کی تجویز زیر غور ہے۔

تفصیلات کےمطابق وفاق اور صوبوں کے درمیان وسائل کی تقسیم کے لیے قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ کا اجلاس دو سال کے عرصے کے بعد وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں صوبوں نے اپنی سفارشات اور ورکنگ گروپس کی رپورٹ پیش کیں تاہم وزارت خزانہ نے ورکنگ گروپس کی رپورٹ کو دس دسمبر تک حتمی شکل دینے اور دسمبر کے آخری ہفتے میں نئے این ایف سی ایوارڈ پر مذاکرات شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

سندھ اور خیبر پختونخوا نے اپنے مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا کہ نیا این ایف سی ایوارڈ اتفاق رائے سے جاری کیا جائے گا۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ نئے این ایف سی ایوارڈ میں صوبوں کا حصہ کم نہیں کیا جائے گا تاہم مجموعی آمدن کا تین فیصد نیشنل سیکیورٹی فنڈ میں شامل کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔