Wednesday, April 24, 2024

وفاقی حکومت نا اہلی چھپانے کیلئے ملبہ کورونا پر ڈال رہی ہے ، وزیر اعلیٰ سندھ

وفاقی حکومت نا اہلی چھپانے کیلئے ملبہ کورونا پر ڈال رہی ہے ، وزیر اعلیٰ سندھ
June 18, 2020

کراچی ( 92 نیوز) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے  پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کرتے ہوئے  کہا کہ وفاقی حکومت اپنی نااہلی چھپانے کیلئے ملبہ کورنا پر ڈال رہی ہے ، کورونا تو تین ماہ قبل آیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کورونا کی آمد سے پہلے کے نو ماہ میں آپ نے کیا کیا؟ ،  وفاق سندھ کے حصے پر 229 ارب کا ڈاکا مار رہا ہے، وفاق کی وجہ سے ترقیاتی بجٹ کم کرنا پڑا،، اگلے بارہ مہینے ان کی نااہلی برداشت کرنا ہوگی۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ  2013کےقانون کےتحت بلدیاتی اداروں کو اختیارات دیے ہیں، وزیر اعظم عمران خان کی غلط سوچ ہےکہ اختیارات نچلی سطح تک منتقل نہیں کیے ، اس وقت نظر نہیں آرہاکہ عمران خان اٹھارویں ترمیم میں تبدیلی کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کےتحت وفاقی صوبائی حکومتیں اسپتال منتقلی کا فیصلہ کرسکتی ہیں، تین اسپتالوں کی منتقلی کا خط غیر آئینی تھا،2011 سے جو اخراجات ان تین اسپتالوں پر کئے ہیں پہلے وہ دیں، یہ تین اسپتال وفاق سےنہیں چلیں گے، کراچی کےتین بڑے اسپتال سندھ حکومت ہی چلائے گی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ وفاقی حکومت ایڈونچر ازم کر رہی ہے ،  کراچی کی جاری اسکیمز کو ہم مکمل کرینگے،  سندھ کابینہ اجلاس میں کےفور ٹیکنیکل کمیٹی کی رپورٹ پیش ہوئی،  وزیراعظم تو اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس کراچی کےاجلاس میں کےفور بند کراکر چلےگئےتھے،  میئر کےبراہ راست انتخاب یا بلدیاتی قانون کا فیصلہ سندھ اسمبلی کرےگی۔