Tuesday, May 7, 2024

وفاقی حکومت اور شہباز شریف کے درمیان کھلی عدالت میں معاملات طے

وفاقی حکومت اور شہباز شریف کے درمیان کھلی عدالت میں معاملات طے
June 2, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی حکومت اور شہباز شریف کے درمیان کھلی عدالت میں معاملات طے پا گئے۔ حکومت نے شہبازشریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کےخلاف اپیل واپس لے لی۔

جسٹس اعجاز لاحسن اور جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل سپریم کورٹ کے بینچ نے شہباز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل پر سماعت کی۔ حکومت کی جانب سے اٹارنی جنرل خالد جاوید خان جبکہ شہباز شریف کی جانب سے سینیٹر اعظم نذیر تارڑ عدالت میں پیش ہوئے۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ سے استفسار کیا کہ شہباز شریف کا کیس سسٹم کے تحت مقرر ہوا یا خاص طور پر ؟ رجسٹرار نے جواب دیا کہ درخواست اعتراض کیلئے مقرر ہوئی تھی۔ فیصلہ ہوا کہ اعتراض پر فیصلہ درخواست کیساتھ ہی ہو گا۔ جمعہ کو 9 بجکر 30 منٹ پر اعتراض لگا اور 11 بجکر 30 منٹ پر کیس کی سماعت ہوئی۔ حکومتی وکیل کو ہدایات لینے کیلئے صرف 30 منٹ دیئے گئے۔

اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ شہباز شریف نے ہائیکورٹ سے درخواست واپس لے لی ہے۔ درخواست واپسی کے بعد اپنی درخواست پر اصرار نہیں کرتے۔

سپریم کورٹ نے حکومت کی جانب سے اپیل واپس لیے جانے پر معاملہ نمٹا دیا۔ سپریم کورٹ نے ریمارکس دیے کہ شہباز شریف کو جس انداز میں ریلیف دیا گیا وہ کسی کے لیے مثال نہیں بن سکتا۔