Sunday, September 8, 2024

وفاقی اداروں کی طرف سے کسی صوبائی حکومت کو نشانہ نہیں بنایا جارہا  : بلیغ الرحمان

وفاقی اداروں کی طرف سے کسی صوبائی حکومت کو نشانہ نہیں بنایا جارہا  : بلیغ الرحمان
August 7, 2015
اسلام آباد(92نیوز)وزیرمملکت برائے داخلہ بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ وفاقی اداروں کی جانب سے کسی صوبائی حکومت کو نشانہ نہیں بنایا جارہا، کراچی آپریشن کے کپتان وزیراعلی سندھ ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومت باہمی کوآرڈینیشن سے کام کر رہی ہیں،وزارت داخلہ نے ایم کیوایم کے ہیڈ کوآرٹر90پر رینجرز کے چھاپے کے دوران گرفتار افراد سے متعلق سوال کا جواب فراہم نہ کیا۔ تفصیلات کےمطابق قومی اسمبلی کے وقفہ سوالات میں پیپلزپارٹی کے رکن عمران ظفرلغاری کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ  وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کا احترام کرتی ہے، وزیراعظم اور وفاقی وزیرداخلہ کی اولین ترجیح مجرمانہ عناصر کے خلاف کارروائی ہے۔ تمام سیاسی جماعتیں کراچی آپریشن کی حامی ہیں ایم کیوایم کے رکن  وسیم احمد کی جانب سے 90پر رینجرز کے چھاپے کے دوران گرفتار افراداور بعد میں رہا کیے افراد کے ناموں کے بارے سوال پوچھا گیا تھا جس کا وزارت داخلہ کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ایک اور سوال کے جواب میں بلیغ الرحمان نے بتایا کہ فحاشی پھیلانے والی غیرملکی خواتین اور میعاد سے زیادہ قیام کرنے والے غیرملکیوں کو پاکستان سے ڈی پورٹ کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کی جانب سے قومی اسمبلی کو تحریری طور پر بتایا گیا کہ جنوری 2012سے مختلف ممالک سے 2لاکھ57ہزار433پاکستانیو ں کو ڈی پورٹ کیا گیا۔2015میں 56ہزار415پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا گیاہے۔