Friday, April 26, 2024

وفاق کی چاروں اکائیاں اتفاق نہ کریں کسی معاملے کو آگے نہ بڑھایا جائے،خواجہ آصف

وفاق کی چاروں اکائیاں اتفاق نہ کریں کسی معاملے کو آگے نہ بڑھایا جائے،خواجہ آصف
September 26, 2018
اسلام آباد  ( 92 نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا کہ وزیر خزانہ اسد عمر نے ہمیں کلبھوشن کا طعنہ دیا ، تین بار وزیر اعظم رہنے والے شخص کو یہ طعنہ دینا زیب نہیں دیتا ، حمود الرحمن کمیشن اٹھاکر دیکھ لیں کہ کس کس کے نام ہیں  ، ایک نام کو تو وزیر خزانہ بھی جانتے ہوں گے ۔ خواجہ آصف نے کہا کہ پانی کے معاملے پر سارے آئینی ادارے ایک پیج پر ہیں ،پانی کی تقسیم پر تنازعات تب تک جاری رہیں گے جب تک آبی ذخائر تعمیر نہیں ہوتے ۔  2200میگا واٹ بجلی دھاسو ڈیم پیدا کر سکے گا، جب تک وفاق کی چاروں اکائیاں اتفاق نہ کریں کسی معاملے کو آگے نہ بڑھایا جائے۔ قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران خواجہ آصف نے کہا کہ جنرل اسمبلی سے خطاب کیا جانا ہے ،مجھے بھی اتفاق ہوا وہاں  جانے کا اور ہم نے کشمیر کا مسئلہ ہمیشہ اٹھایا  ۔کشمیری اپنی آزادی کے لئے ایک قیمت ادا کر رہے ہیں، ہندوستان کے ساتھ تعلقات کے شوق میں کہیں کشمیر کا مسئلہ نہ دبا دیجئے گا۔