Sunday, September 8, 2024

وفاق کی تحقیقاتی ٹیم نے طیارہ حادثہ کے مقام سے شواہد اکٹھے کرلیے

وفاق کی تحقیقاتی ٹیم نے طیارہ حادثہ کے مقام سے شواہد اکٹھے کرلیے
May 25, 2020
کراچی (92 نیوز) کراچی میں پی آئی اے طیارہ حادثے کو تین روز گزر گئے، وفاق کی جانب سے بنائی گئی تحقیقاتی ٹیم نے جائے حادثہ کا دورہ کرکے شواہد اکٹھے کرلیے۔ کراچی میں المناک طیارہ حادثہ کو تین روز گزرگئے، طیارے کا ملبہ اٹھانے کا کام تاحال رکا ہوا ہے۔ وفاقی تحقیقاتی ٹیم نے جائے حادثہ کا دورہ کرکے شواہد جمع کرلیے۔ ادھرفرانسیسی ایئربس کمپنی کی ٹیم بھی آج معائنہ کرنے پہنچے گی۔ فرانسیسی ٹیم کو سول ایوی ایشن حکام نے لینڈنگ کیلئے خصوصی اجازت نامہ جاری کیا ہے، ٹیم کو کورونا کے حوالے سے لازمی قرنطینہ کی شرط سے بھی استثنی حاصل ہوگا۔ اجازت نامہ کے مطابق طیارے کے عملے کوکراچی ایئرپورٹ پر اترنے نہیں دیا جائے گا۔ ائربس کمپنی کی ٹیم حادثہ کی تحقیقات پر مامور ٹیم کی ٹیکنیکل معاونت اور تباہ شدہ جہاز کے ملبے سے شواہد بھی اکٹھا کرے گی، جس کے بعد تحقیقات کیلئے درکارمواد لے کر 26 مئی کو واپس فرانس روانہ ہوجائے گی۔ حکومت کی خواہش ہے کہ تحقیقاتی ٹیم بغیر کسی دباؤ کےغیر جانبدار تحقیقات کرے جس کے لئے ان کو تمام تر حکومتی وسائل مہیا کئے جائیں گے۔ ٹیم میں کسی متعلقہ ادارے کے افراد شامل نہیں ہوں گے، تعلقہ ادارے صرف طلب کی گئی معلومات یا دستاویزات یا ریکارڈ فراہم کریں گے۔ ترجمان نے بتایا کہ ‎وزیراعظم شفاف ترین تحقیقات کروانا چاہتے ہیں اور کسی فشاری گروہ یا ادارے کو اثرانداز نہیں ہونے دیں گے۔ ‎وزیراعظم پاکستان کی خواہش ہے کہ تحقیقاتی رپورٹ قلیل مدت میں منظر عام پر لائی جائے تاکہ ذمہ داری کا تعین اور  قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کی وجہ معلوم کی جاسکے۔ ترجمان پی آئی اے نے کہا کہ قوم حالت غم میں ہے ایسی صورتحال میں اپنے اپنے مفاد کی جنگ لڑنا انتہائی مایوس کن اور لواحقین کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔