Friday, April 26, 2024

وفاق کو 14جنوری تک آبادی کنٹرول کرنے کیلئے ایکشن پلان تیار کرنے کی مہلت

وفاق کو 14جنوری تک آبادی کنٹرول کرنے کیلئے ایکشن پلان تیار کرنے کی مہلت
January 3, 2019
اسلام آباد( 92 نیوز) سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کو 14 جنوری تک آبادی کنٹرول کرنے کا ایکشن پلان تیار کرنے کی مہلت دے دی،ساتھ ہی آئندہ سماعت پر فیصلہ سنانے کا عندیہ بھی دے دیا۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دئیے کہ عدالت نے ایکشن پلان کے انتظار کی وجہ سے فیصلہ نہیں دیا۔ چیف جسٹس پاکستان نے آبادی کا مسئلہ پانی کی قلت سے بھی سنگین قرار دیتے ہوئے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دئیے کہ آبادی بڑھنے سے مسائل بڑھ اور وسائل کم ہورہے ہیں ، آبادی کو کنٹرول کئے بغیر مسائل کو کم نہیں کر سکتے۔ عدالت نے کہا کہ حکومت آبادی کنٹرول  کا ایکشن پلان فراہم کرے  جس پر اٹارنی جنرل نے آگاہ کیا کہ مشترکہ مفادات کونسل  آبادی کنٹرول کرنے کی سفارشات کی منظوری دے چکی ہے ، فی الحال  ایکشن پلان تیار نہیں ، کچھ مہلت دی جائے ۔ سیکرٹری صحت نے بتایا کہ دو صوبوں نے آبادی کنٹرول پروگرام بنا لیا  ہے ۔  چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دئیے کہ  صرف اشتہارات سے آبادی کنٹرول نہیں ہونی ،ایکشن پلان دینا حکومت کا کام ہے،عدالت نے ایکشن پلان کے انتظار کی وجہ سے فیصلہ نہیں دیا ۔ سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کو پلان پیش کرنے کیلئے 14 جنوری تک کی مہلت دے دی اور قرار دیا کہ آئندہ سماعت پر عدالت اپنا فیصلہ سنائے گی۔