Thursday, April 18, 2024

وفاق نے ہماری آواز نہ سنی تو دما دم مست قلندر ہوگا ، ن لیگ کے ایکشن پلان سے پی پی متفق نہیں  : بلاول بھٹو

وفاق نے ہماری آواز نہ سنی تو دما دم مست قلندر ہوگا ، ن لیگ کے ایکشن پلان سے پی پی متفق نہیں  : بلاول بھٹو
December 27, 2015
گڑھی خدابخش(92نیوز)بے نظیر بھٹو کی آٹھویں برسی پر گڑھی خدا بخش میں  مرکزی تقریب ہوئی  جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے  چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ  حکومت نے ہماری آواز نہ سنی تو ہم عوامی عدالت میں جائیں گے اور پھر دما دم مست قلندر ہو گا۔ تفصیلات کےمطابق گڑھی خدا بخش میں جلسہ عام سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے بے نظیر کی شہادت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آپ مجھے میری ماں کا پرسہ دیں میں آپ کو آپ کی قائد کا پرسہ دیتا ہوں  شہید  بی بی نے اپنا خون دے کر ملک بچایا ذوالفقار بھٹو اور محترمہ بینظیر  جانتے تھے اس راستے پر جان دینا  ہو گی اس کے باوجود انہوں نے اس راستے کو اپنایالیکن دہشت گردوں کے آگے سر نہیں جھکایا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ تاریخ کی باطل قوتوں نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کی ٹارگٹ کلنگ کی کوشش کی سب سے پہلے پی پی کے چیئرمین اور وزیراعظم بھٹو کوعدالتی قتل کر کے ٹارگٹ کلنگ کی گئی، عام انتخابات میں دھاندلی کے ذریعے بھی پیپلز پارٹی کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی ۔ بلاول نے مزید کہا کہ قومی اداروں کو ماں کا زیور سمجھ کر انکی بولی لگائی جا رہی ہے پرائیویٹائزیشن کے نام پر مزدوروں کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے کسانوں کو فصلوں کا معاوضہ نہیں ملتا  حکومت نے ہماری آواز نہ سنی تو ہم عوامی عدالت میں جائیں گے اور پھر دما دم مست قلندر ہو گا۔ بلاول نے وزیراعظم نواز شریف کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا وزیرستان کی عوام بےگھر ہیں میاں  صاحب  آپ نے کون سا دہشتگرد اور انکا سہولت کار گرفتار کیا کیا آپ پنجاب میں سہولت کاروں کو نہیں جانتے، جس نیشنل ایکشن پلان پر عمل کر رہے ہیں یہ ن لیگ کا نیشنل ایکشن پلان ہے اس سے پیپلزپارٹی متفق نہیں۔ رینجرز اختیارات کے معاملے پر بات کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ اسلام آباد میں بیٹھ کر بادشاہ بن کر احکامات جاری کرنا کون سی جمہوریت ہے  فیصلے بند کمرے میں کیوں ہو رہے ہیں یہ وہ جمہوریت نہیں جس کیلئے میری ماں نے جان دی پارلیمانی نیشنل سیکیورٹی ایکشن پلان بنانے کا مطالبہ کرتا ہوں۔