Friday, April 26, 2024

وفاق نے رینجرز کے اختیارات میں کمی کی سمری مسترد کر دی

وفاق نے رینجرز کے اختیارات میں کمی کی سمری مسترد کر دی
December 22, 2015
اسلام آباد (92نیوز) وزیر اعظم نواز شریف اور چودھری نثار علی خان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں سمری مسترد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے رینجرز اختیارات میں کمی سے متعلق وفاقی حکومت کو سمری بھجوائی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ رینجر کرپشن کے مقدمات کی تحقیقات نہیں کرسکتی اور وزیر اعلی سندھ کی اجازت کے بغیر نہ تو کہیں چھاپہ مار سکتی ہے اور نہ کسی شخص کو گرفتار کیا جاسکتا ہے۔ اس حوالے سے وفاقی حکومت نے سندھ حکومت کی جانب سے بھجوائی جانے والی سمری پر قانونی رائے حاصل کی۔ وزارت قانون نے رائے دی کہ رینجر وفاقی ادارہ ہے‘ کوئی بھی صوبائی حکومت ان کے اختیارات میں کمی نہیں کرسکتی اور تحفظ پاکستان آرڈیننس کے تحت بھی رینجرز کو بہت اختیارات حاصل ہیں۔ اس صورتحال پر وزیر اعظم نواز شریف سے وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے ملاقات کی اور رینجرز اختیارات میں کمی سے متعلق سمری کا جائزہ لیا۔ وزارت قانون کی رائے کی روشنی اور مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ سمری مسترد کردی جائے‘ اس حوالے سے سندھ حکومت کو باقاعدہ آگاہ کردیا جائے۔ سمری مسترد کرنے کے حوالے سے وفاق نے موقف اختیار کیا ہے کہ رینجرز کے اختیارات متعلقہ قوانین میں واضح کر دیے گئے ہیں۔ کوئی صوبائی حکومت اپنی مرضی سے ان کے اختیارات کم نہیں کرسکتی کیونکہ رینجر وفاقی دفاعی ادارہ ہے اس پر صوبائی قوانین لاگو نہیں ہوسکتے اور رینجرز اختیارات میں کمی سے کراچی آپریشن بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ اس لیے رینجرز کو کراچی میں امن کے قیام کے لیے دیے گئے اختیارات پر ہی کام کرنے دیا جائے۔