Friday, March 29, 2024

کورونا صرف پھیلا نہیں ، زبردستی پھیلایا گیا ، بلاول بھٹو زرداری

کورونا صرف پھیلا نہیں ، زبردستی پھیلایا گیا ، بلاول بھٹو زرداری
June 6, 2020

کراچی ( 92 نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے  نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا صرف پھیلا نہیں ، زبردستی پھیلایا گیا ، اگروفاق نے خود کام نہیں کرنا تھا تو دوسروں کی کوششوں کو سبوتاژ نہیں کرنا چاہئے تھا۔

بلاول بھٹو زرداری نے نیوز کانفرنس میں حکومت  پر تنقید کے نشتر برسا دیے ، کہا کہ  کس کو ذمہ دار ٹھہراؤں کہ کراچی کے اسپتال بھر رہے ہیں، کس کو ذمہ دار ٹھہراؤں کہ پاکستان میں جتنے کورونا کے مریض ہیں چین میں بھی نہیں ہیں،اس کی ذمہ داری کسی کو تو اٹھانا پڑے گی۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ امید ہے سندھ سمیت تمام صوبے اپنے طبی عملے کا تحفظ کریں گے، ہم طبی عملے پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں،وفاقی حکومت کے عدم تعاون کے باوجود سندھ حکومت پوری کوشش کرے گی کہ وبا کو کم سے کم کیا جاسکے،ہمارا پورا زور ٹیسٹنگ صلاحیت پر ہے، وفاقی حکومت کی مدد نہ ہونے کے باوجود ہماری ٹیسٹنگ صلاحیت بڑھتی رہے گی،اب بھی سندھ کی ٹیسٹنگ صلاحیت دوسرے صوبوں کی نسبت زیادہ ہے، ہم اسے مزید بڑھائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ   خیبرپختونخوا میں اموات کی شرح دیگر صوبوں سے زیادہ  جبکہ ٹیسٹوں کی تعداد کم ہے،پاکستان میں کورونا سے اموات کی شرح چین اور بھارت سے زیادہ ہے،سندھ میں دوسرے صوبوں سے زیادہ کورونا ٹیسٹ  ہو رہے ہیں،غلط انفارمیشن پر ہمارے طبی عملے پر حملہ کیا گیا جس کی ایف آئی آر کٹنی چاہئے۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ  حکومت کو چاہئے کہ ان کی تنخواہ اور رسک الاؤنس پورا دیا جائے،کوئی بھی حکومت طبی عملے کی سکیورٹی پر سمجھوتہ نہیں کرسکتی ، آپ کی پہلی ذمہ داری ہے جو لوگ اپنی اور اپنے خاندان کی زندگی خطرے میں ڈال رہے ہیں ان کی بات سنو،جو لوگ پاکستانی قوم کے لیے اپنی جان خطرے میں ڈال رہے ہیں ان کو تحفظ ملنا چاہئے۔