Friday, April 26, 2024

وفاق نے اربوں روپے کراچی کو دینے کا وعدہ کیا ، کہاں ہیں؟ ، شہباز شریف

وفاق نے اربوں روپے کراچی کو دینے کا وعدہ کیا ، کہاں ہیں؟ ، شہباز شریف
September 2, 2020

کراچی ( 92 نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہبازشریف بارش سے متاثرہ افراد سے اظہار یکجہتی کیلئے کراچی پہنچ گئے ہیں ، جہاں انہوں نے مختلف علاقوں میں متاثرین سے ملاقات بھی کی  ۔شہبازشریف کا کہنا ہے وفاقی حکومت نے کراچی کیلئے 162 ارب روپے کا اعلان کیا، لیکن ایک دھیلہ بھی نہیں دیا ،اگر سندھ حکومت کی مدد کی جاتی تو آج یہ صورتحال نہ ہوتی ۔

 کراچی میں مون سون کے چھٹے اسپیل کی تباہ کاریاں جاری ہیں ، وزیراعظم عمران خان کے دورہ سے قبل مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے کراچی کا دورہ کر ڈالا ۔  ایئرپورٹ پر قدم رکھتے ہی شہر میں ہونے والے نقصانات پر وفاقی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا  اور کراچی کیلئے اعلان کردہ 162 ارب روپے مانگ لیے ۔

صدر مسلم لیگ ن شہبازشریف نے کہا بارش اور سیلاب کی تباہی سے امیر اور غریب دونوں ہی متاثر ہوئے ، لوگوں کے گھر آج بھی پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں ، صدر مسلم لیگ ن نے وزیراعظم عمران خان کو سندھ حکومت کے ساتھ بیٹھنے کا مشورہ بھی دیا ۔

شہبازشریف ایئرپورٹ سے سیدھا ملیر یار محمد گوٹھ پہنچے جہاں سیلاب سے متاثرہ افراد سے اظہار ہمدردی کی ، اس موقع پر مکینوں نے شہبازشریف کو نقصانات سے آگاہ کیا  ، شہبازشریف نے گلستان جوہر کے قریب بارش کے دوران جاں بحق خاتون کے اہلخانہ سے بھی ہمدری کا اظہار کیا اور دعا مانگی  جس کے بعد صدر مسلم لیگ ن پارٹی رہنماء مفتاح اسماعیل کی رہائشگاہ پہنچے لیکن ن لیگ کے سابق صوبائی صدر زین انصاری اور خواتین ونگ کی صدر کو داخل ہونے سے روک دیا گیا ۔