Tuesday, May 14, 2024

وفاق اورجیالی سرکارمیں سیاسی چپقلش شدت اختیار کر گئی

وفاق اورجیالی سرکارمیں سیاسی چپقلش شدت اختیار کر گئی
December 10, 2019
کراچی (92 نیوز) وفاق اورجیالی سرکارمیں سیاسی چپقلش شدت اختیار کرگئی، ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کہتے ہیں گورنر آئینی سیاسی حکومت کےخاتمے کی سازش کررہے ہیں، پی ٹی آئی رہنماء خرم شیرزمان بولے سندھ میں تبدیلی لازم ہے کچھ وقت لگ سکتا ہے، جوبھی راستہ اختیار کریں گے وہ آئینی ہوگا۔ ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 15سال کے مقابلے میں حالیہ 6 ماہ کے دوران سب سے زیادہ مہنگائی ہوئی، پی ٹی آئی حکومت نے 22 کروڑ عوام کا استحصال کیا ہے، حکومت کا سربراہ نااہل ہوتو وہ کام کیا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاق صوبائی معاملات میں بےجا مداخلت کررہا ہے، گورنر نے آج مداخلت کا ثبوت دیدیا ہے، جمعے کو ناکام اور مایوس لوگوں کی بیٹھک ہوئی تھی۔ مرتضیٰ وہاب بولے کہ کراچی:پنجاب خیبرپختونخوا کےمعاملات میں گورنر صدر کیوں مداخلت کیوں نہیں کرتے، گورنرسندھ کو کام کرنا ہے تو آئین کے تحت کریں، گورنر کو وفاقی وزیر کی نہیں سندھ اسمبلی اور وزیراعلی کی بات سننی ہے، گورنر صاحب اسطرح کام نہیں چل پائےگا۔ ادھر خرم شیر زمان بولے کہ سندھ میں جو پیسہ خرچ ہوتا ہے وہ وفاق کے ذریعے آتا ہے، سندھ میں اینٹی ریبیز ویکسین نہیں، کرپشن بڑھتی جارہی ہے، پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کو آخری موقع دیا جا رہا ہے۔ سندھ حکومت اپنا قبلہ درست کرلے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی حقوق دیے جائیں، چیف جسٹس آف پاکستان سندھ اسمبلی میں اخراجات کا ازخود نوٹس لیں، سندھ اسمبلی میں اجلاس روزانہ تاخیر کا شکار ہوتا ہے، سندھ اسمبلی میں حالات بہت خراب ہیں، پروڈکشن آرڈر پر آنیوالے سندھ اسمبلی اجلاس میں بیٹھتے نہیں، پیپلزپارٹی کے اپنے ایم پی ایز اپنے لوگوں سے شرمندہ ہیں۔