Saturday, May 11, 2024

وفاق اور صوبوں کے درمیان 6 شعبے کھولنے پر اتفاق

وفاق اور صوبوں کے درمیان 6 شعبے کھولنے پر اتفاق
May 7, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) وفاق اور صوبوں کے درمیان مزید چھ شعبے کھولنے پر اتفاق رائے ہوگیا ، تاہم کئی شعبے بند بھی رہیں گے۔

لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد  چھ شعبے کھل گئے مگر کئی اب بھی بند رہیں گے، چھوٹی مارکیٹوں اور دکانوں کو کام کرنے کی اجازت دے دی گئی ۔  پائپ ملز، سرامکس، سینٹری ویئرز، پینٹس، الیکٹریکل کیبلز، سوئچ بورڈز، سٹیل، ایلومینم کی صنعتوں اور دکانوں کو کام کرنے کی اجازت مل گئی۔

بڑی مارکیٹیں اور شاپنگ مالز ابھی نہیں کھل رہے،پبلک ٹرانسپورٹ بحال ہورہی ہے نہ ٹرین سروس ، فضائی آپریشن بھی معطل رہے گا، سرکاری دفاتر بھی نہیں کھولے جارہے،شیخ رشید نے ٹرین سروس نہ کھلنے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سینما گھر، تعلیمی ادارے، شادی ہالز اور ایسے مقامات جہاں پر شہریوں کے جمع ہونے کا خدشہ ہو وہ بھی ابھی بند رہیں گے، وفاقی حکومت نے مساجد میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ نماز ادا کرنے کی ہدایت بھی کی ۔ وہ شعبے جن کو کھولنے کا اعلان حکومت نے کیا ہے انہیں بھی ایس او پی اور ٹائمنگ پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔

 چھوٹی مارکیٹیں اور دکانیں ہفتہ اور اتوار کو بند رہیں گی تاہم فارمیسی، میڈیکل اسٹورز،دودھ دہی کی دکانوں، کریانہ اسٹوروں، تنوروں، بیکریوں اور دیگردکانوں پر اطلاق نہیں ہوگا۔