Monday, May 13, 2024

وفاق اور سندھ گیس بحران کا الزام ایک دوسرے پر ڈالنے لگے

وفاق اور سندھ گیس بحران کا الزام ایک دوسرے پر ڈالنے لگے
December 28, 2019
کراچی ( 92 نیوز) وفاق اور سندھ حکومت کے درمیان بیان بازی  کی نئی جنگ چھڑ گئی ، دونوں  گیس بحران کی ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈالنے لگے ۔ سندھ میں گیس بحران کا ذمہ دار کون، وفاق اور صوبائی حکومت کے درمیان نئی جنگ چھڑ گئی۔ وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے گیس بحران ی ذمہ داری صوبائی حکومت پر ڈال دی، کہا کہ سندھ میں گیس بحران حکومت سندھ کا پیدا کردہ ہے، صوبائی حکومت نے پائپ لائن تعمیر کیلئے رائٹ آف وے نہ دے کر زیادتی کی۔ وفاقی وزیر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر اپنی ناکامیوں اور نااہلی پر پردہ ڈالنے کے لیے غلط بیانی کررے ہیں، دوسری پائپ لائن بچھانے کی اجازت کے حوالے سے مجھ سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں گیس کا بحران وفاق کا پیدا کردہ ہے، گیس بحران پر بار بار وفاقی حکومت کی توجہ مبذول کرائی، لیکن شنوائی نہ ہوسکی۔ وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے بھی گیس بحران کی تمام تر ذمہ داری وفاق پر ڈالی، کہا کہ گیس فراہمی کا سوال عمر ایوب کو برا لگتا ہے، حکومت کی نالائقی اور نااہلی کی وجہ سے مہنگائی ہوئی، گیس اور بجلی بحران پیدا ہوا، نالائقی اور نااہلی سندھ پر ڈالنے سے جان نہیں چھوٹے گی۔ وفاق اور سندھ ایک دوسرے پر ملبہ تو ڈال رہے ہیں لیکن تاحال معاملے کا حل نہیں نکالا جارہا، مشکلات سے دوچار شہری کہتے ہیں حکومتیں الزام تراشیوں کی بجائے مسائل حل کریں۔ گیس کی سپلائی بند ہونے کے باعث شہر کی سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ بھی غائب رہی  اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ گیس بحران نے صنعتوں کا پیہہ بھی جام کردیا  ، فیکٹریوں میں کام کرنے والے ملازمین کو بھی روزگار کی فکر ستانے لگی جبکہ رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیورز کہتے ہیں پیٹرول سے گاڑی چلانا وارے میں نہیں آرہا ۔ سوئی سدرن نے کم پریشر کے باعث گھریلو صارفین کو پہلی ترجیح قرار دیا، لیکن اس کے باوجود گھروں پر بھی گیس کی لوڈشیڈنگ اور کم پریشر نے زندگی عذاب بنادی ۔