Sunday, May 19, 2024

وفاق المدارس سمیت تمام فریقین سے مثبت پیغام آرہے ہیں ، شہریار آفریدی

وفاق المدارس سمیت تمام فریقین سے مثبت پیغام آرہے ہیں ، شہریار آفریدی
November 2, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) وزیرمملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے ملک میں جاری احتجاج اور دھرنوں پر کہا کہ وفاق المدارس سمیت تمام فریقین سے مثبت پیغام آرہے ہیں۔ حکومت کی مذاکرات کی کوششیں جاری ہیں۔ پارلیمنٹ میں گفتگو کرتے ہوئے شہریار آفریدی نے کہا کہ ملک میں امن کی صورتحال پر تمام فریقین ایک پیج پر ہے۔ وفاق المدراس سمیت تمام فریقین سے مثبت پیغام آرہے ہیں۔ اپوزیشن نے خود کورم کی نشاہدہی کی۔ ہم تو خود پارلیمنٹ میں اپنا موقف پیش کرنا چاہتے تھے۔ وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا کہ ہم سب کو ساتھ لے کر جانا چاہتے ہیں۔ پاکستان سب کا ہے، پاکستان کیلئے کل اپوزیشن کے پاس چل کر گئے۔ امید ہے مفاہمت سے تمام معاملات کو حل کر لیا جائیگا۔ دوسری طرف وفاقی وزیر اطلاعت و نشریات فواد چودھری کا ٹویٹ پیغام سامنے آیا ہے جس میں اُنہوں نے آپریشن کے حوالے سے سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کے تردید کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں حالات مکمل کنٹرول میں ہیں اور مظاہرین سے مذاکرات جاری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت عوام کی زندگی اور آزادی کی ضامن ہے اور  تشدد کی راہ نہیں اپنانا چاہتی، اس مسئلے کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں۔