Friday, April 19, 2024

'وفاق آئینی حدود میں رہے ... آپریشن تو جاری رہے گا'

'وفاق آئینی حدود میں رہے ... آپریشن تو جاری رہے گا'
December 30, 2015
اسلام آباد (92نیوز) وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے لئے سندھ کے وزیر اعلیٰ ایوان وزیر اعظم جا پہنچے۔ ایک گھنٹے سے زائد ملاقات میں رینجرز اختیارات اور کراچی آپریشن سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ سائیں جی ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کئے بغیر ہی روانہ ہو گئے جبکہ وزیرا عظم کہتے ہیں سائیں جی کی شکایات دور کی جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق سائیں جی اسلام آباد پہنچے تو ایوان وزیراعظم میں نواز شریف سے ملاقات ہوئی۔ ایک گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی ملاقات میں گلوے شکوے ہوئے‘ تحفظات بتائے گئے لیکن سائیں جی کو کوراجواب مل گیا کہ ہر مسئلے کا حل صرف آئینی و قانونی طریقے سے ہو گا۔ واپسی پر میڈیا کو بھی گڈ بائے کہتے ہوئے بات کرنا گوارا ہی نہ کی۔ کراچی آپریشن اور گرفتاریوں پر احتجاج ریکارڈ کرانے سائیں جی پہنچے تو اس موقع پر وزیر داخلہ چودھری نثار بھی موجود تھے جو اپنے موقف پر ڈٹے رہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ رینجرز کے اختیارات میں کمی صوبائی حکومت کا مینڈیٹ نہیں۔ ادھر سائیں جی بھی ٹس سے مس نہ ہوئے اور موقف تسلیم کرنے کی بات کرتے رہے۔ دوسری جانب وزیر اعظم نواز شریف نے معاملے کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے قائم علی شاہ سے مخاطب ہو کر کہا کہ سائیں جی آپ کی شکایات دور کی جائیں گی۔ سندھ حکومت کے خلاف کوئی غیر آئینی اقدام نہیں کرینگے۔ صوبائی اسمبلی کی قرارداد کا احترام کرتے ہیں۔ وزیرا عظم نے چودھری نثار کو معاملات حل کرنے کے لئے کراچی جانے کی بھی ہدایت کر دی اور یوں ہوئی میٹنگ برخاست۔