Friday, May 17, 2024

وطن کے بہادر سپوت میجر شبیر شریف شہید نشان حیدر کا آج اٹھہتر واں یوم پیدائش

وطن کے بہادر سپوت میجر شبیر شریف شہید نشان حیدر کا آج اٹھہتر واں یوم پیدائش
April 28, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وطن کے بہادر سپوت میجر شبیر شریف شہید نشان حیدر کا آج اٹھہتر واں یوم پیدائش ہے۔ انہوں نے انیس سو اکہتر کی جنگ میں وطن کا دفاع کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

میجر شبیر شریف شہید ۔۔کنجاہ ،گجرات کے راجپوت خاندان کے جری سپوت  28 اپریل 1943ء کو میجر محمد شریف کے گھر پیدا ہوئے۔ 19 اپریل 1964ء کو فوج میں کمیشن حاصل کیا۔ بہترین مجموعی کارکردگی پر کاکول اکیڈمی سے اعزازی شمشیر حاصل کی۔ جنگ 65ء میں بحیثیت نوجوان سیکنڈ لیفٹیننٹ جرات و بہادری کے جوہر دکھانے پر اُنہیں ستارہ جرات اور تمغہ جنگ عطا کیا گیا۔

1971ء کی جنگ کے دوران 3 دسمبر کو سلیمانکی سیکٹر میں فرنٹیئرفورس رجمنٹ کو مُکھی کھیرا اور بیری کے اونچے تذویراتی بند اور پل پر قبضے کی ذمہ داری سونپی گئی۔ بارودی سرنگیں اور سبونہ نہر پار کی ، 15 بھارتی حملے پسپا اور ایک گھنٹے میں بھارتی بٹالین کے 43 سپاہیوں کو واصل جہنم کیا۔ 4 ٹینک تباہ اور 38 بھارتی فوجیوں کو قیدی بنا کر مشن مکمل کر لیا۔ 5 اور 6 دسمبر کی شب بھارتی میجر نارائین سنگھ نے خالی ہاتھ لڑنے کا چیلنج دیا تو میجر شبیر شریف نے دبوچ کر دست بدست لڑائی میں بھارتی میجر کو ہلاک کر دیا۔ مسلسل سبکی اور شکست خوردہ دشمن ہر قیمت پر میجر شبیر شریف سے بدلہ لینا چاہتا تھا اور وہی ہوا ، جب ہر حربہ اور گولیاں میجر شبیر شریف کی جرات کا مقابلہ نہ کر سکیں تو بھارتی فوج کے ایک ٹینک سے فائر کیا گیا گولہ میجر شبیر شریف کے سینے کے پار ہو گیا۔ شہادت کے رتبے پر فائز ہونے چند لمحے قبل آخری الفاظ تھے۔۔پل پر قبضہ نہ ہونے دینا۔

میجر شبیر شریف کو یہ ممتاز اعزاز حاصل ہے کہ اُنہیں مادروطن کیلئے لازوال جرات و بہادری کے اعتراف میں تمغہ جرات اور نشان حیدر سے نوازا گیا۔