Friday, April 26, 2024

وطن کے بہادر سپوت میجر راجہ عزیز بھٹی کا چھپن واں یوم شہادت

وطن کے بہادر سپوت میجر راجہ عزیز بھٹی کا چھپن واں یوم شہادت
September 12, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) وطن کے بہادر سپوت میجر راجہ عزیز بھٹی کا چھپن واں یوم شہادت آج منایا جا رہا ہے۔

میجر راجہ عزیز بھٹی 16 اگست 1928 کوہانگ کانگ میں پیدا ہوئے ،تعلق لادھیاں ، گجرات سے تھا۔ 2 جنوری 1948 کو فرسٹ پی ایم اے لانگ کورس میں شمولیت اختیار کی۔ دوران تربیت بہترین کارکردگی پر ملک کے پہلے وزیر اعظم لیاقت علی خان کے ہاتھوں اعزازی شمشیر حاصل کی۔

 6 ستمبر 1965ء بھارت نے پاکستانی قوم کی غیرت کو للکارہ تو آزمائش کی کٹھن گھڑی میں میجر عزیز بھٹی نے ملک و ملت کی آواز پر لبیک کہا۔ لاہور سیکٹر میں بی آر بی نہر کے تحفظ کی ذمہ داری آپ ہی کو سونپی گئی تو دشمن کے ہر حملے کو پسپا کیے اور اپنے سے کئی گنا بڑی سپاہ کو 5 دن اور 5 راتیں دفاعی لائنز پر روکے رکھا۔

بھارت جو لاہور جم خانہ کلب میں جشن کا خواب دل میں سجائے بین الاقوامی سرحد کی جانب لپکا تھا۔ پاک فوج کے منہ توڑ جواب پر بوکھلا گیا ۔ پاک فوج کے عظیم سپوت دشمن کیخلاف ڈھال بن گئے ۔ الٹے پیروں بھاگتے دشمن نے 12 ستمبر کوایک گولہ میجر عزیز بھٹی کے آہنی سینے پر داغا جس سے آپ جام شہادت نوش کرگئے ۔

زندہ قومیں اپنے محسنوں کے احسانات کبھی فراموش نہیں کرتیں ۔ میجر عزیز بھٹی شہید کی عظیم قربانی کو بھی رہتی دنیا تک سنہرے حروف میں یاد رکھا جائے گا۔