Friday, April 19, 2024

وطن عزیز پر جان نچھاور کرنے والے ایف سی اہلکار محسن علی کی نمازِ جنازہ ادا

وطن عزیز پر جان نچھاور کرنے والے ایف سی اہلکار محسن علی کی نمازِ جنازہ ادا
June 8, 2019
 فیصل آباد (92 نیوز) شمالی وزیرستان میں وطن عزیز پر جان نچھاور کرنے والے ایف سی اہلکار محسن علی کی نمازِ جنازہ جڑانوالہ میں ادا کردی گئی۔ دشمن کے سامنے سینہ سپر ہو کر جان کی بازی لگانے والے ایف سی اہلکار شہید محسن علی کی نمازِ جنازہ فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ میں ادا کردی گئی۔ شہید کا جسد خاکی گھر پہنچا تو رقت آمیز مناظر تھے ۔ اہل علاقہ جسدِ خاکی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے رہے۔ شہید محسن علی کی نمازِ جنازہ پٹھان والا کے فٹ بال قبرستان میں ادا کی گئی جہاں سیاسی، سماجی اور عسکری قیادت سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شہید محسن علی کے والد کا کہنا تھا کہ بیٹے کو بچپن سے ہی فوج میں جانے کا شوق تھا، اسکی شہادت سے میرا پاکستان کے دفاع میں حصہ شامل ہو گیا۔ ایف سی اہلکار محسن علی نے اتوار کے روز شمالی وزیرستان میں پاک افغان بارڈر پر بارودی سرنگ پھٹنے سے دو ساتھیوں کے ہمراہ جامِ شہادت نوش کیا۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے راہ حق کے شہید کو سلامی پیش کی جس کے بعد انہیں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔