Wednesday, April 24, 2024

وسیم اکرم اور شعیب اختر نے بھارت میں کمنٹری سے انکار کر دیا‘ علیم ڈار وطن پہنچ گئے

وسیم اکرم اور شعیب اختر نے بھارت میں کمنٹری سے انکار کر دیا‘ علیم ڈار وطن پہنچ گئے
October 20, 2015
لاہور (92نیوز) بھارت میں انتہا پسندی کے واقعات پر وسیم اکرم اور شعیب اختر نے جنوبی افریقہ اور بھارت کے میچ میں کمنٹری نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا جبکہ انتہاپسند ہندوﺅں کی دھمکیوں کے بعد پاکستانی امپائر علیم ڈار وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم اور سابق فاسٹ باو¿لر شعیب اختر نے ممبئی میں بھارتی بورڈ کے دفتر پر انتہا پسندوں کے حملے کے بعد فیصلہ کیا کہ وہ بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان ون ڈے سیریز کے پانچویں میچ میں کمنٹری نہیں کریں گے۔ دونوں سابق کرکٹرز چنئی میں ہونے والے چوتھے میچ کے بعد پاکستان واپس آ جائیں گے۔ بھارت‘ جنوبی افریقہ سیریز کا پانچواں میچ پچیس اکتوبر کو ممبئی میں کھیلا جانا ہے۔ دوسری جانب آئی سی سی بھی ہندو انتہا پسندوں سے ڈر گئی ہے اور کرکٹ کی عالمی تنظیم نے پاکستانی امپائر علیم ڈار کو بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز میں امپائرنگ سے روک دیا۔ کرکٹ مبصرین کا کہنا ہے کہ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ آئی سی سی علیم ڈار کو تحفظ فراہم کرنے کے انتظامات کرتی لیکن وہ بھارتی غنڈوں سے ڈر گئی۔ آئی سی سی کے اس فیصلے کے بعد کرکٹ سے دلچسپی رکھنے والے حلقے سوال کر رہے ہیں کہ کیا اب شیو سینا امپائروں کا تعین کرے گی؟ مبصرین کا سوال ہے کہ اگر آئی سی سی اپنے ایک امپائر کو بھارتی انتہا پسندوں سے تحفظ فراہم نہیں کر سکتی تو ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کا تحفظ کیسے کر پائے گی۔ یاد رہے کہ پاکستانی امپائر علیم ڈار نے بائیس اکتوبر کوچنائے اور پچیس اکتوبر کو ممبئی میں ہونے والے میچوں میں امپائرنگ کرنا تھی لیکن ہندو انتہا پسند تنظیم شیو سینا نے بھارت میں موجود علیم ڈار کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ وہ فوری طور پر بھارت چھوڑ دیں۔