Saturday, April 20, 2024

وسیم اختر نے وزیراعظم سے کراچی کیلئے خصوصی پیکیج مانگ لیا

وسیم اختر نے وزیراعظم سے کراچی کیلئے خصوصی پیکیج مانگ لیا
November 26, 2016

کراچی (92نیوز) میئر کراچی وسیم اختر کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے حاضری سے استثنیٰ دے دیا۔ میئر کراچی کا کہنا تھا کہ ماضی میں غلطیاں ہوئیں مگر اب وزیراعظم سے کہتا ہوں کہ کراچی کی عوام کے لیے خصوصی پیکیج دیں۔

تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں سانحہ 12 مئی کے مقدمات کی سماعت ہوئی۔ میئر کراچی مقدمات میں نامزد انیس ملزموں کے ہمراہ پیش ہو ئے۔ عدالت میں جج اور وسیم اختر کے درمیان دلچسپ مکالمہ ہوا۔ عدالت نے وسیم اختر سے استفسار کیا کہ آپ عدالت میں کیوں آئے ہیں؟

جب تک دیگر ملزموں کی ضمانتوں کی درخواستیں زیرسماعت ہیں آپ نہ آیا کریں ۔ آپ شہر کراچی کی خدمت کریں پیشی پر مت آیا کریں۔ عدالت نے میئر کراچی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔

وسیم اختر کا کہنا تھا کہ 12 مئی کے مقدمات میں نامزد ملز م فائر بریگیڈ کے ملازم ہیں‘ ان کو معطل کر دیا گیا ہے اور تنخواہیں بھی روک لی گئی ہیں۔ جج نے ریمارکس دیے کہ آپ اپنا کام کریں۔ ملزموں کے ساتھ کیا کرنا ہے عدالت دیکھے گی۔

پیشی کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کوشش کر رہے ہیں کہ کچرے سے شہریوں کی جان چھڑائی جائے۔ میئر کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔