Saturday, April 20, 2024

وسائل کا رخ جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں کی جانب موڑ دیا ہے ، عثمان بزدار

وسائل کا رخ جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں کی جانب موڑ دیا ہے ، عثمان بزدار
November 18, 2018
ملتان (92 نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ وسائل کا رخ جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں کی جانب موڑ دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان خان بزدار کو ملتان ایئر پورٹ سے 18 گاڑیوں کے حصار میں سرکٹ ہاؤس لایا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے سرکٹ ہاؤس میں سانحہ غازی گھاٹ میں جاں بحق افراد کے ورثاء کو فی کس 5 لاکھ اور زخمیوں کو 75 ہزار کے امدادی چیک تقسیم کیے۔ غازی گھاٹ حادثے میں ملتان اور مظفر گڑھ کے 21 افراد جاں بحق اور 31 زخمی ہوئے تھے۔ وزیراعلیٰ نے اراکین اسمبلی اور انتظامی افسران سے بھی ملاقات کی۔ سردار عثمان بزدار کی آمد سے قبل شہباز شریف اسپتال کے ڈیلی ویجز ملازمین کی جانب سے نشتر چوک میں احتجاج  بھی کیا گیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ 3 ماہ سے ہماری تنخواہیں نہیں دی گئیں اور بغیر نوٹس نوکری سے نکال دیا گیا۔ مظاہرین نے وزیر اعلیٰ اور چیف جسٹس سےانصاف کی  اپیل کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے جاں بحق افراد کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ عثمان بزدار کی آمد کے موقع پر سکیورٹی  کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ وی آئی پی موومنٹ پر شہریوں کو مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔