Tuesday, April 23, 2024

وزیرِ اعظم کی کورونا کے باعث صنعتی شعبے کو درپیش مسائل حل کرنے کی ہدایت

وزیرِ اعظم کی کورونا کے باعث صنعتی شعبے کو درپیش مسائل حل کرنے کی ہدایت
October 21, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیرِ اعظم عمران خان نے کورونا کے باعث صنعتی شعبے کو درپیش مسائل  ترجیحی بنیادوں پر حل  کرنے کی ہدایت کر دی۔ وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت صنعتی عمل کے فروغ ، چھوٹی اور درمیانی درجے کی صنعتوں کو درپیش مسائل اور حل کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء محمد حماد اظہر، اسد عمر، عمر ایوب خان، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد شریک ہوئے۔ معاونین خصوصی ندیم بابر،  تابش گوہر،  سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری توانائی، سیکرٹری پٹرولیم و دیگر سینئر افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں صنعتوں خصوصاً چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو درپیش مسائل کے حل کے سلسلے میں  مختلف تجاویز زیر غور آئیں۔ اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا ملکی ترقی صنعتی عمل کے فروغ سے وابستہ ہے۔ موجودہ معاشی حالات اور خصوصاً کورونا کی وجہ سے ہونے والے نقصانات سے صنعتی شعبے اور بالخصوص چھوٹی اور درمیانی صنعت کو بچانا ضروری ہے۔ صنعتی شعبے کو درپیش مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل تلاش کیا جائے اور ان کو ہر حوالے سے سہولت فراہم کی جائے۔