Friday, April 19, 2024

وزیروں ، مشیروں پر مشتمل خیبرپختونخوا کابینہ کا اعلان آئندہ چوبیس گھنٹوں میں متوقع

وزیروں ، مشیروں پر مشتمل خیبرپختونخوا کابینہ کا اعلان آئندہ چوبیس گھنٹوں میں متوقع
August 24, 2018
پشاور (92 نیوز) دس وزیروں اور چار مشیروں پرمشتمل خیبرپختونخوا کی کابینہ کا اعلان آئندہ چوبیس سے اڑتالیس گھنٹوں میں متوقع ہے۔ کچھ دوبارہ کابینہ میں جگہ بنائیں گے تو کچھ نئے چہرے سامنے آئیں گے۔ خیبرپختونخوا کابینہ کے لئے وزیروں اور مشیروں کی تقرری کے معاملے میں وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلٰی محمود خان نے خوب چھان بین کرلی ہے۔ دس وزیروں کے نام فائنل کرلئے گئے ہیں جبکہ مشیروں کے نام بھی شارٹ لسٹ ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیروں اور مشیروں کے ناموں کا اعلان آئندہ چوبیس سے اڑتالیس گھنٹوں میں متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق نئی کابینہ میں پشاور سے اشتیاق ارمڑ اور تیمورجھگڑا، سوات سے ڈاکٹر امجد، بنوں سے شاہ محمد، لکی مروت سے حشام انعام اللہ کا نام شامل ہے۔ صوابی سے شہرام ترکئی، مردان سے عاطف خان اور ہری پور سے اکبرایوب بھی کابینہ میں شامل ہوں گے۔ کوہاٹ سے ضیاء اللہ بنگش اور پشاور سے کامران بنگش میں سے کسی کے ایک نام قرعہ نکل سکتا ہے۔ مشیروں میں طفیل انجم، محب اللہ، عارف احمد زئی سلطان محمد، میاں جمشید اور میاں خلیق الرحمان کے نام زیرغورہیں۔ نئی کابینہ کی تشکیل میں ایک وزیر کا عہدہ سابق وزیراعلٰی پرویزخٹک کے خاندان کےلئے خالی چھوڑا جائے گا۔ ہنگو، تورغر اور کوہستان جیسے پسماندہ اضلاع اس بار بھی کابینہ میں نمائندگی سے محروم ہی رہیں گے۔