Thursday, April 18, 2024

وزیرداخلہ نے ملک بھر میں شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق کا حکم دیدیا

وزیرداخلہ نے ملک بھر میں شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق کا حکم دیدیا
May 25, 2016
اسلام آباد (92نیوز) نادرا کے چند عناصر کی کرپشن کی سزا پوری قوم کو بھگتنا ہو گی۔ وزیرداخلہ چودھری نثار نے اٹھارہ کروڑ عوام کے شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق کا حکم دے دیا۔ ولی محمد کا شناختی کارڈ سامنے آنے کے بعد غیرملکیوں کے کارڈز فوری منسوخ کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیے گئے۔ وزیر داخلہ کہتے ہیں نادرا اور کرپشن ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ تفصیلات کے مطابق ڈرون حملے میں مارے جانے والے ولی محمد کا شناختی کارڈ پاکستانیوں کے لیے مصیبت بن گیا۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار نے تمام پاکستانی شہریوں کے شناختی کارڈز کی تصدیق دوبارہ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ نادرا کو شناختی کارڈزکی تصدیق کا روڈ میپ تیار کرنے کیلئے 2 دن کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔ نادرا ہیڈکوارٹر میں پاسپورٹ اور نادرا کے افسران کی اعلیٰ سطحی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ جعلی شناختی کارڈز آپ کے لئے شاید نہ ہوں لیکن میرے لئے یہ شرمندگی کا باعث ہیں۔ وزیرداخلہ نے شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھاری بھرکم تنخواہیں لینے والے افسران اگر جعلی دستاویزات نہیں پکڑ سکتے تو انہیں گھر چلے جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اب جعلی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے سلسلے میں کوئی عذر قبول نہیں کیا جائے گا۔