Thursday, April 18, 2024

وزیرداخلہ نے مقبوضہ کشمیر کی جیل میں قید روبینہ نامی خاتون اور اسکی بچی کو واپس لانے کی اجازت دیدی

وزیرداخلہ نے مقبوضہ کشمیر کی جیل میں قید روبینہ نامی خاتون اور اسکی بچی کو واپس لانے کی اجازت دیدی
March 18, 2017
اسلام آباد(92نیوز)دھوکے باز شوہرنے خاتون او ر کم سن بچی کو بھارت میں پھنسا دیا پانچ سال تک شناخت کا مسئلہ حل ہوسکا نہ قونصلر رسائی کے بعد کچھ حاصل ہوا۔اب وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے مقبوضہ کشمیر کی جیل میں قید روبینہ نامی خاتون اور اسکی بچی کو واپس لانے کی اجازت دیدی۔ تفصیلات کےمطابق ظالم شوہرظالم باپ بھی بن گیا بیوی ا ورچارماہ کی بچی کو علاج کے بہانے نئی دہلی لے گیا۔ پھر پرائے دیس میں دغا دے گیا۔ تمام شناختی وسفری دستاویزات کے ساتھ ساتھ ساری رقم بھی ساتھ لے گیا۔ ماں اور بیٹی کی بے بسی پر کچھ رحم دل لوگ آگے آئے اور دونوں کو جموں بارڈر تک پہنچانے کا بندوبست کیا لیکن مطلوبہ شناختی و سفری دستاویزات نہ ہونے پر بھارتی حکام نے ماں اور بچی کو حراست میں لیا اور جیل میں ڈال دیا۔ پھر خاتون روبینہ اور اس کی بچی کا معاملہ میڈیا پر اٹھا۔ بات وزیر داخلہ چوہدری نثار تک پہنچی تو انہوں نے قیدی خاتون کی شہریت کی تصدیق کےلئے ہدایات جاری کیں۔ نادرا اور پاسپورٹ آفس شہریت کی شناخت نہ کرپائے تو وزیرداخلہ نے خاتون کو قونصلر رسائی کےلئے پاکستانی ہا ئی کمیشن کو ہدایت کی۔ پھر بھی معاملے میں کوئی پیشرفت نہ ہوئی تو وزیرداخلہ نے ایک بار پھر نوٹس لے لیا۔ انہوں نے خاتون اور بچی کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکام کو اجازت دی ہے کہ روبینہ کو فوری طور پر پاکستان واپس لانے کے انتظامات کئے جائیں۔