Sunday, September 8, 2024

وزیرداخلہ شجاع خانزادہ کی رہائشگاہ پر سیاسی وسماجی شخصیات کی آمد کا سلسلہ جاری، فیملی کیساتھ اظہار تعزیت

وزیرداخلہ شجاع خانزادہ کی رہائشگاہ پر سیاسی وسماجی شخصیات کی آمد کا سلسلہ جاری، فیملی کیساتھ اظہار تعزیت
August 20, 2015
اٹک (نائنٹی ٹو نیوز) اٹک سانحہ میں شہید ہونے والے پنجاب کے وزیر داخلہ شجاع خانزادہ کی رہائشگاہ شادی خان گاؤں میں مختلف سیاسی وسماجی شخصیات کی آمد کا سلسلہ جاری رہا جنہوں نے شجاع خانزادہ کی فیملی کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ مختلف سیاسی وسماجی شخصیات نے اٹک میں شہید کرنل شجاع خانزادہ کی رہائشگاہ کا دورہ کیا اور سوگواران کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین اور پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الہیٰ نے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پنجاب حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جو حکومت اپنے ہی وزیر داخلہ کی حفاظت نہ کر سکے اسے اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی ساری توجہ جنگلا بس پر ہے۔ عوام کوصرف اللہ کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ راجہ بشارت، سراج الحق، اعجاز الحق اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات بھی تعزیت کیلئے شادی خان پہنچیں۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے مقابلے کے لئے اتحاد کی ضرورت ہے اور کچھ عناصر ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں جبکہ اعجاز الحق نے کہا کہ سیاسی قیادت کی سکیورٹی بہتر بنانا ہو گی۔ عمران خان اعلان کے باوجود دوسرے روز بھی تعزیت کیلئے اٹک نہ جا سکے۔