Monday, September 16, 2024

وزیرداخلہ سے جلیل عباس جیلانی کی ملاقات ، میتھیو بیرٹ کو ویزا کے اجرا پر تبادلہ خیال

وزیرداخلہ سے جلیل عباس جیلانی کی ملاقات ، میتھیو بیرٹ کو ویزا کے اجرا پر تبادلہ خیال
August 9, 2016
اسلام آباد(92نیوز)وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان سے امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی نےملاقات کی ہے جس میں میتھیو بیریٹ  کوویزا کے اجرا کے معاملے پر غور کیا گیا۔۔امریکی شہری کا کہنا ہے کہ اس کے پاس قانونی ویزہ  ہے ،بلیک لسٹ میں کیسے شامل کیا گیا۔ تفصیلات کےمطابق ملاقات میں وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی  نے پاک امریکہ تعلقات اور پاکستان کے حوالے سے امریکی اہلکاروں کے حالیہ بیانات کے حوالے سے بات چیت کی۔چوہدری نثار علی خان کا کہناتھاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار پر بے جا تنقید دونوں ملکوں کے تعلقات اور مشترکہ مفادات کے حصول میں مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔دوسری طرف امریکی شہری میتھیو بیریٹ  کو راولپنڈی میں سول جج نوید اقبال تارڑ کی عدالت میں پیش کردیا گیا ہے۔ عدالت نے  امریکی شہری  میتھیو بیریٹ کا مزید تین دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کر کے تفتیشی ٹیم کے حوالے کردیا۔امریکی شہری نے عدالت میں بیان دیا کہ  ان کا پاکستان آنا قانونی ہے  ان کے پاس قانونی ویزہ ہے جو ہوسٹن سے پاکستانی قونصلیٹ نے جاری کیا ہے۔ بلیک لسٹ میں کیسے شامل کیا گیا جبکہ انھوں نے پاکستان میں شادی بھی کر رکھی ہے ۔ میتھیو بیریٹ  کامزید کہناتھا کہ سپریم کورٹ نے  ان کے خلاف ماضی میں دی گئی ایف آئی آرز ختم  کردی ہیں۔ بلیک لسٹ سے نکالنے کا بھی حکم دیا گیا۔ عدالت نے تفتیشی آفیسر سے استفسار کیا کہ جب ملزم کے پاس قانونی ویزہ موجود ہے،تو پکڑنے کی وجہ کیا ہے؟ملزم کا کوئی کریمنل ریکارڈ موجود ہے؟ جس پر تفتیشی آفیسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کا کریمنل ریکارڈ اور اس کے خلاف درج کی گئی ایف آرز میں موجود ہیں۔