Monday, May 6, 2024

وزیرداخلہ بیانات دیتے وقت احتیاط برتا کریں : مشیراطلاعات سندھ

وزیرداخلہ بیانات دیتے وقت احتیاط برتا کریں : مشیراطلاعات سندھ
December 12, 2015
کراچی (92نیوز) مشیراطلاعات سندھ مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ رینجرز کے اختیارات کے بارے میں بے چینی پیدا کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ یہ آئینی معاملہ ہے اس لئے اسمبلی میں جا رہے ہیں‘ رینجرز کو بلایا ہی سندھ حکومت نے تھا اس لئے اعتراض بنتا ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے رینجرز ور آپریشن کے خلاف کچھ نہیں کہا اس لئے کوئی بے چینی یا تنقید کی ضرورت نہیں ہے۔ سندھ حکومت آپریشن کی راہ میں رکاوٹ پیدا نہیں کرنا چاہتی۔ وزیر داخلہ کو بیانات دینے کے بارے میں احتیاط کرنا چاہئے‘ وزیر داخلہ اپنی پارٹی کا مفاد دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا امید ہے پیر تک رینجرز اختیارات میں توسیع ہو جائے گی‘ رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائیوں پر یقین رکھتے ہیں تو پھر متنازع کیوں بنایا جا رہا ہے‘ متنازع بنانے سے آپریشن کا تاثر غلط جاتا ہے۔ لڑائی کی طرف لے جانے سے باہر بیٹھے لوگ اسی شور سے خوش ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا میں نہیں چاہتا کہ آپریشن کے اثرات اور نتائج پر فرق پڑے‘ بال کی کھال اتارنے سے باتیں الجھتی ہیں۔ رینجرز کے اختیارات میں توسیع کے لئے آئینی تقاضا پورا کرنے کے لئے اسمبلی جارہے ہیں۔ چودھری نثار ایک سیاسی پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کے بھی سیاسی مقاصد ہیں‘ وفاقی وزیر داخلہ کو رینجرز کے اختیارات کے معاملے کی حساسیت کا احساس کرنا چاہئے۔