Thursday, May 2, 2024

بلوچستان میں سیاسی گہماگہمی عروج پر پہنچ گئی

بلوچستان میں سیاسی گہماگہمی عروج پر پہنچ گئی
January 3, 2018

کوئٹہ ( 92 نیوز ) بلوچستان میں سیاسی ہل چل عروج پر پہنچ گئی ۔ مسلم لیگ ن کے وزیراعلیٰ کے ستارے گردش میں آ گئے ۔ 14 اکان اسمبلی کی درخواست پر اسپیکر صوبائی اسمبلی نے اجلاس  9 جنوری کو طلب کر لیا ۔

بلوچستان میں سیاسی گہما گہمی میں شدت اُس وقت پیدا ہوئی جب گزشتہ روز ق لیگ کے رکن عبدالقدوس بزنجو اور ایم ڈبلیو ایم کے آغا رضا نے 14 ارکان اسمبلی کے دستخطوں کے ساتھ وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا ۔

اپوزیشن کی سرگرمیوں کی اطلاع ملتے ہی وزیر اعلیٰ بلوچستان بھی متحرک ہو گئے  اور اتحادیوں سے رابطے کرکے اہم اجلاس بھی کیا ۔

دوسری طرف وزیراعلیٰ بلوچستان کو درپیش مشکلات میں اُس وقت اضافہ ہوا جب صوبائی مشیر ماہی گیری سرفراز ڈومکی  اور صوبائی معاون خصوصی پرنس احمد علی نے استعفی دے دیا ۔

وزیرداخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کے استعفی دینے کی خبریں گردش کرنے لگیں تو وزیراعلیٰ بلوچستان نے اُنہیں خود ہی برطرف کر دیا اور نوٹیفکیشن بھی جاری ہو گیا ۔

وزیرداخلہ کے بعد مشیر امان اللہ نوتزئی کی برطرفی کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہو گیا  ۔

اسپیکر بلوچستان نے 14 ارکان کی درخواست پر نو جنوری کو اسمبلی کا اجلاس طلب کیا ہے  ۔ جہاں تحریک عدم اعتماد کی صورت میں وزیراعلیٰ بلوچستان کو اعتماد کا ووٹ حاصل کرنا ہوگا۔اعتماد کا ووٹ حاصل نہ کرنے کی صورت میں اسمبلی نئے قائد ایوان کا انتخاب کری گی۔