Saturday, May 11, 2024

وزیرخزانہ کی بجٹ تقریر کے دوران اپوزیشن ارکان کا احتجاج، نعرے بازی

وزیرخزانہ کی بجٹ تقریر کے دوران اپوزیشن ارکان کا احتجاج، نعرے بازی
June 11, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیرخزانہ کی بجٹ تقریر کے دوران اپوزیشن ارکان نے ہنگامہ شروع کردیا، پوری تقریر کے دوران ایوان شور شرابے میں ڈوبا رہا، اسپیکر کے روکنے کے باوجود اپوزیشن ارکان نے ہنگامہ جاری رکھا، نعرے بازی کی۔

وزیرخزانہ کی بجٹ تقریر کے دوران قومی اسمبلی مچھلی بازار بن گئی، شوکت ترین نے تقریر شروع کی تو اپوزیشن نے ہنگامہ کھڑا کردیا۔

وزیرخزانہ کو تقریر میں مشکل پیش آئی تو ایئر فون لگالئے، وزیراعظم عمران خان بھی ہیڈفون لگا کر بجٹ تقریر سنتے رہے۔ شوکت ترین کی تقریر کے دوران مسلسل آوازیں آتی رہیں۔

اپوزیشن کی خواتین ارکان حکومتی بینچز کے سامنے آگئیں، ارکان نے ہاتھوں میں پلے کارڈ بھی اٹھائے ہوئے تھے۔ اسپیکر نے سکیورٹی کو طلب کیا اور ارکان سے کہا تشریف رکھیں۔

اسپیکر کی ہدایت کے باوجود اپوزیشن نے احتجاج کا سلسلہ بند نہ کیا، اپوزیشن ارکان مسلسل ڈیسک بجاتے اور نعرے لگاتے رہے۔ کئی ارکان پلے کارڈ پکڑ کر نشستوں کے اوپر کھڑے ہوگئے۔

پوری بجٹ تقریر کے دوران ایوان کا ماحول کشیدہ رہا۔