Tuesday, April 16, 2024

وزیرخارجہ کی قطری اورچینی ہم منصب سے ملاقاتیں،باہمی دلچسپی کے امور پرگفتگو

وزیرخارجہ کی قطری اورچینی ہم منصب سے ملاقاتیں،باہمی دلچسپی کے امور پرگفتگو
September 26, 2018
نیو یارک ( 92 نیوز) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا 73واں اجلاس جاری ہے، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی 29 ستمبر کو خطاب کرینگے۔ وزیرخارجہ نے قطری ہم منصب محمد بن عبدالراحمان بن جاسم الثانی اور چینی ہم منصب وانگ ای سے الگ الگ ملاقات بھی کی۔ نیویارک میں وزیر خارجہ نے قطری ہم منصب  محمد بن عبدالراحمان بن جاسم الثانی سے ملاقات  میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ قطری وزیرخارجہ نے ایک لاکھ پاکستانی ورکرز کو  ملازمتیں دینے کی پیشکش بھی کی ۔ شاہ محمود قریشی نے چینی ہم منصب وانگ ای سے بھی ملاقات کی، شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے  اور حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔ وزیرخارجہ نے جاپانی ہم منصب سے بھی ملاقات کی اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یو این امن مشن کے اجلاس سے خطاب بھی کیا  جس میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ قیام امن کی حمایت کی، گزشتہ پانچ دہائیوں میں مشن کیلئے دو لاکھ اہلکار بھیجے گئے، جن میں سے 156 نے جام شہادت نوش کیا ۔ بھارتی نیوز چینلز بھی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی  سے بات کرنے پر اصرار کرتے نظر آئے جس پر شاہ محمود قریشی نے جواب دیا کہ وہ کہنے کو کچھ بھی کہہ سکتے ہیں  معاملات بگاڑنے کیلئے دو الفاظ ہی کافی ہیں لیکن وہ ایسا کرنا  نہیں چاہتے۔