Friday, May 17, 2024

وزیرتعلیم سندھ نے اسکولز جلد کھلنے کا عندیہ دیدیا

وزیرتعلیم سندھ نے اسکولز جلد کھلنے کا عندیہ دیدیا
August 2, 2020
کراچی (92 نیوز) سندھ میں اسکولز جلد کھلنے کے امکانات، وزیرتعلیم سندھ سعید غنی نے عندیہ دیا ہے کہ اگر عید الاضحی کے دنوں میں احتیاطی تدابیر پر عمل کیا تو اسکولز قبل ازوقت کھولنے پر غور کرسکتے ہیں،انہوں نے جامعات میں زیر تعلیم طلبہ کیلئے بھی فیسوں میں کمی کاامکان ظاہر کردیا۔ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے سبب پرائمری سے پی ایچ ڈی تک تدریسی عمل متاثر ہے، اسکول، کالج اور یونیورسٹیزبند ہیں، سندھ میں طلبہ کو گھر بیٹھے پانچ ماہ ہوگئے، وجہ کورونا وائرس کا پھیلائو روکنا ہے۔ سندھ میں کورونا کیسز بتدریج کم ہورہے ہیں اور مختلف کاروبار مرحلہ وار کھلتے جارہے ہیں، مگر این سی سی کے فیصلوں کے تحت تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز پندرہ ستمبر سے ہونا ہے، وزیرتعلیم سندھ سعید غنی کہتے ہیں کہ اسکولز کی بندش سے پریشان بچوں کا بہت نقصان ہوا اب سندھ میں کورونا وائرس کی صورتحال نسبتاً بہتر ہے۔ سندھ حکومت کے پاس یہ تجویز زیر غور ہے کہ اگر کورونا کیسز میں کمی کی شرح برقرار رہی تو این سی سی کی توثیق کے ساتھ تدریسی عمل قبل ازوقت بحال کیا جاسکتا ہے۔ صوبائی حکومت نے طلبہ تنظیموں کے مطالبے پر جامعات کی فیسوں میں کمی یا معافی کی تجاویز پربھی غورشروع کردیا ہے، وزیر تعلیم سعید غنی بھی تجویز کے حامی ہیں اور کابینہ کے دیگرارکان نے بھی وزیراعلی کو جامعات سے متعلق فیصلے کیلئے تجاویزارسال کی ہیں۔