Wednesday, April 24, 2024

وزیراعلیٰ پنجاب کینسر کے مرض میں مبتلا طالبہ فریدہ کی آواز بن گئے

وزیراعلیٰ پنجاب کینسر کے مرض میں مبتلا طالبہ فریدہ کی آواز بن گئے
July 30, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار وہاڑی کے نواحی گاؤں کی رہائشی کینسر کے مرض میں مبتلا طالبہ فریدہ کی آواز بن گئے۔

عثمان بزدار نے طالبہ فریدہ کی بیماری سے متعلق 92 نیوز چینل پر نشر ہونے والی خبر کا نوٹس لے لیا۔ طالبہ فریدہ کے مفت علاج معالجے اور میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایات جاری کردیں۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا، پنجاب حکومت بچی فریدہ کے علاج کے اخراجات اُٹھائے گی، میڈیکل بورڈ کی سفارشات کی روشنی میں بچی کا علاج جہاں بھی ممکن ہوا کرایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر بچی کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال وہاڑی داخل کرادیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے فریدہ کی جلد صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

ادھر دوسری جانب فرائض سے غفلت برتنے پر وزیراعلی پنجاب نے دو افسران کو عہدوں سے ہٹا دیا، ڈی جی ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی آغا علی عباس اور ایڈیشنل ایس پی کینٹ ڈویژن ملتان کامران عامر کو عہدوں سے فارغ کردیا۔

عثمان بزدار کا کہنا ہے، کام نہ کرنے والے افسران کیلئے پنجاب میں کوئی جگہ نہیں، سرکاری فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔