Wednesday, April 24, 2024

وزیراعلیٰ پنجاب کی جلوسوں اور مجالس میں کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت

وزیراعلیٰ پنجاب کی جلوسوں اور مجالس میں کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت
August 30, 2020
 لاہور (92 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے جلوسوں اور مجالس میں کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی قربان لائنز میں پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے ہیڈ آفس آمد ہوئی۔ عثمان بزدار نے ڈیجیٹل کیمروں کے ذریعے یوم عاشور پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ سی سی ٹی وی کیمروں سے جلوسوں کی مانیٹرنگ کے نظام کا معائنہ کیا۔ جدید کیمروں سے مرکزی جلوس کے روٹ کا بھی جائزہ لیا۔ ڈیجیٹل وال پر کیمروں کے ذریعے لاہور کے دیگر علاقوں کے جلوسوں کا بھی مشاہدہ کیا۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو جلوسوں اور مجالس کی مانیٹرنگ کے نظام کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ عثمان بزدار کو  سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بھی کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ عثمان بزدار نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا یوم عاشور کے جلوسوں کیلئے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے جلوسوں اور مجالس کی نگرانی کی جارہی ہے۔ جدید ٹیکنالوجی سے سرویلنس نظام کو بہتر بنایا گیا ہے۔ ملک دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کیلئے پوری فورس چوکس ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسر اور اہلکار بہترین کو آرڈینیشن کے ذریعے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ عثمان بزدار نے کہا آخری جلوس کے شرکاء کے پر امن طور پر منتشر ہونے تک اہلکار ڈیوٹی پر موجود رہیں۔ وزیر اعلی عثمان بزدار کی زیر صدارت پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے کمیٹی روم میں خصوصی اجلاس بھی ہوا۔ وزیر اعلی عثمان بزدار کو یوم عاشور پر کئے گئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلی عثمان بزدار کو پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی کارکردگی کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے اتھارٹی سے متعلقہ ایشوز کو جلد حل کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔ صوبائی وزراء ہاشم ڈوگر، انصر مجید نیازی، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ایم ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی، چیف آپریٹنگ آفیسر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی، کمشنر لاہور ڈویژن، سیکرٹری اطلاعات اور اعلی سول و عسکری حکام اس موقع پر موجود تھے۔