Wednesday, April 24, 2024

وزیراعلیٰ پنجاب کا صوبے بھر میں ذخیرہ اندوزوں کیخلاف بلاتفریق کریک ڈاؤن کا حکم

وزیراعلیٰ پنجاب کا صوبے بھر میں ذخیرہ اندوزوں کیخلاف بلاتفریق کریک ڈاؤن کا حکم
April 28, 2020
 لاہور (92 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبے بھر میں ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کیخلاف بلاتفریق کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا رمضان المبارک کے دوران اشیاء ضروریہ ذخیرہ کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے ۔ صوبائی کابینہ کمیٹی پرائس کنٹرول اشیاء ضروریہ کی مقررکردہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنائے ۔ عوام کو مقررہ کردہ نرخوں پر اشیاء ضروریہ کی دستیابی میں غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کروں گا ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے انتظامی افسران کو منڈیوں میں نیلامی کے عمل کو مانیٹر کرنے کی ہدایت کر دی اور کہا انتظامی افسران نیلامی کے عمل کی خود نگرانی کریں۔ مصنوعی مہنگامی پیدا کرنے کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ اینٹی ہورڈنگ آرڈیننس 2020 کے تحت ذخیرہ اندوزوں کے خلاف ایکشن لیا جائے۔ بابرکت مہینے میں ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے کہا صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔ عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے ذخیرہ اندوز مافیا کی سرکوبی ضروری ہے ۔