Thursday, April 25, 2024

وزیراعلیٰ پنجاب اور جہانگیر ترین گروپ کے معاملات طے پاگئے

وزیراعلیٰ پنجاب اور جہانگیر ترین گروپ کے معاملات طے پاگئے
May 21, 2021

لاہور (92 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور جہانگیر ترین گروپ کے معاملات طے پاگئے۔ وزیراعلی نے ترین گروپ کے تمام ارکان کو ترقیاتی فنڈز دینے کا حکم جاری کردیا۔

جہانگیر ترین گروپ کا وفد شکوے شکایات لیکر وزیراعلیٰ ہاوس پہنچا۔ وفد نے وزیراعلی پنجاب کو بیورو کریسی، حلقے کے مسائل سے آگاہ کیا اور پالیسی سازی سے متعلق تجاویز پیش کیں۔

وزیراعلیٰ بزدار نے کہا، بیوروکریسی بھی ترین گروپ کے تمام جائز مسائل فوری حل کرے گی۔ ترین گروپ بجٹ سمیت تمام حکومتی اقدامات کو سپورٹ کرے گا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ میرے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں۔ کبھی کسی سے ناانصافی کی نہ کریں گے۔ انتقام کی سیاست ہمارا شیوہ نہیں، آپ کے جائز تحفظات کا ازالہ کیا جائے گا۔ وزیراعلی پنجاب نے ملاقات کیلئے آئے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔

وفد میں سعید اکبر نوانی،اجمل چیمہ، نعمان لنگڑیال، زوار وڑائچ، نذیر چوہان، عمر آفتاب اور عون چودھری شامل تھے۔

اس سے قبل پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سعید اکبر نوانی کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار ہی ہمارے وزیر اعلی ہیں اور ہم نے انکے ساتھ رہ کر ہی معاملات طے کرنے ہیں۔

نذیر چوہان بولے وزیر اعلی سے ملاقات کا مقصد صوبے کی بہتری ہے۔ تحریک انصاف میں رہتے ہوئے اپنے تحفظات عمران خان تک پہنچائیں گے۔