Thursday, April 18, 2024

وزیراعلیٰ سندھ کا کراچی میں مختلف مقامات پر جاکر آلائشیں اٹھانے کے کام کا جائزہ

وزیراعلیٰ سندھ کا کراچی میں مختلف مقامات پر جاکر آلائشیں اٹھانے کے کام کا جائزہ
August 3, 2020
 کراچی (92 نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں مختلف مقامات پر جاکر آلائشیں اٹھانے کے کام کا جائزہ لیا۔ نالوں کی صفائی کے عمل کا بھی معائنہ کیا۔ مراد علی شاہ نے انتظامیہ کو صفائی کا کام تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے کہا ہم نالوں پر آبادی کا ذکر کرتے ہیں تو سیاسی انتقام کا الزام لگتا ہے، اپنی کوتاہیاں ماننے کو تیار ہیں مگر کام بھی کر رہے ہیں۔ ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق سید مراد علی شاہ نے محمود آباد  نالے کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دی گئی کہ نالے کی صفائی کا کام جاری ہے۔ شاہراہ فیصل کے نیچے  والی لائن چوک  ہو جاتی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے نالے کا چوکنگ پوائنٹ  مشینری  کے ذریعے  کھولنے کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے کہا شاہراہ فیصل  پر نالے کو سیدھا کرکے بنائیں۔ اگر یہ سیدھا نالہ بن گیا تو پانی نہیں رکے گا۔ مراد علی شاہ نے گجر نالے کا بھی معائنہ کیا ۔ وزیراعلی سندھ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ گجر نالہ اوور فلو ہونے کے باعث لیاقت آباد کی سڑکوں پر بھر گیا تھا۔ نالہ اوور فلو ہونے کے بعد وزیراعلیٰ کی ہدایت پر صفائی اور ریلیف کا کام شروع کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا حالیہ بارشوں کے دوران ڈسٹرکٹ سینٹرل میں مسائل پیدا ہوئے۔ نالوں کی صفائی پر توجہ دی جارہی ہے۔ نالوں کی صفائی کیلئے کورونا کے باوجود پیسے رکھے۔ ڈسٹرکٹ سنٹرل سب سے زیادہ متاثر ہوا۔ اورنگی اور کشمیری محلے میں بہت زیادہ مسائل کا سامنا رہا۔ ناگن چورنگی، سرجانی ٹاؤن اور لیاقت آباد میں مسائل پیدا ہوئے۔ کچھ علاقوں میں گرین لائن کی وجہ سے مسائل ہوئے۔