Saturday, April 20, 2024

وزیراعلیٰ جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی گئی

وزیراعلیٰ جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی گئی
October 12, 2021 ویب ڈیسک

کوئٹہ (92 نیوز) بلوچستان کی وزارت اعلی کے حصول کیلئے کھینچا تانی شروع ہو گئی۔ ناراض اراکین نے اسمبلی میں جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی۔

الٹی میٹم اور ڈیڈ لائنز سے بات بڑھ گئی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کے خلاف آخری پتہ بھی کھیل دیا گیا۔ ناراض اراکین نے اسمبلی میں جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی۔ ناراض اراکین نے وزیراعلیٰ کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود مستعفی ہو جائیں۔

بی اے پی کے ناراض ارکان نے ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے ظہور بلیدی کو پارلیمانی لیڈر بنانے کا فیصلہ کر لیا۔ ذرائع کے مطابق بی اے پی کے سینئر ممبران بھی جام کمال کے خلاف ہو گئے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کے خلاف محاذ میں اسپیکر عبدالقدوس بزنجوکا کردار نمایاں ہے۔ گورنر بلوچستان سید ظہور آغا اسلام آباد میں اہم فیصلے کر سکتے ہیں۔

نائنٹی ٹو نیوز کے پروگرام نائٹ ایڈیشن میں گفتگو کرتے ہوئے رکن بلوچستان اسمبلی اسد بلوچ کا کہنا تھا کہ جام صاحب کی لالچ اور باتیں کام نہیں آئیں، جام کمال میں صوبے کو چلانے کی صلاحیت نہیں۔

نائنٹی ٹو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال بولے کہ کچھ عرصے سے ہر شخص وزیراعلیٰ بننے کوشش کر رہا ہے ، جو حکومت کیلئے مناسب نہیں۔

جام کمال کا کہنا تھا کہ وہ تحریک عدم اعتماد میں کامیاب ہو جائیں گے۔ اراکین ناراض ہیں لیکن اختلافات اس حد تک نہیں کہ حکومت گرا دی جائے۔

بی اے پی کے ناراض اراکین کی جانب سے جمع کرائی جانے والی تحریک عدم اعتماد پر 14 اراکین کے دستخط موجود ہیں۔ پینسٹھ کے ایوان میں تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کیلئے ناراض اراکین کو 33 ارکان کی حمایت درکار ہو گی۔