Tuesday, April 23, 2024

وزیراعلیٰ جام کمال کے استعفے کی غلط خبر پر مخالفین نے مٹھائیاں کھا لیں

وزیراعلیٰ جام کمال کے استعفے کی غلط خبر پر مخالفین نے مٹھائیاں کھا لیں
October 23, 2021 ویب ڈیسک

کوئٹہ (92 نیوز) بلوچستان میں پل پل بدلتی صورتحال، وزیراعلیٰ جام کمال کے استعفے کی غلط خبر پر مخالفین نے مٹھائیاں کھا لیں، صدقے کا بیل بھی لے آئے۔ جام کمال کی تردیداور 92 نیوز کی درست خبر پر اپوزیشن اور ناراض ارکان کے چہرے اتر گئے۔

بلوچستان کے، وزیراعلیٰ جام کمال کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ 25 اکتوبر کو ہوگی، سوشل میڈیا اور مین اسٹریم میڈیا پر جا م کمال کے استعفے کی غیر مصدقہ خبر نے ہلچل مچائی تاہم باخبر باوثوق 92 نیوز نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناظرین کو بتایا کہ جام کمال مستعفی نہیں ہوئے۔ گورنر بلوچستان ظہور آغا نے 92 نیوز سے خصوصی گفتگو میں بتایا انہیں۔ جام کمال کا استعفیٰ موصول نہیں ہوا، کچھ دیر بعد جام کمال نے بھی 92 نیوز کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے ٹویٹ میں مستعفی ہونے کی تردید کردی۔

ادھر ناراض و اپوزیشن اراکین نے سوشل میڈیا کی خبر پر ہی مبارکبادیں دے ڈالیں۔ کھجوروں سے منہ میٹھے ہو گئے، قربانی کیلئے بیل بھی آگیا۔

مبینہ طورپر لاپتہ 4 اراکین اسمبلی نے بھی کوئٹہ پہنچ کر ناراض اراکین کے کیمپ کو جوائن کر لیا۔ پارٹی کے قائمقام صدر ظہور بلیدی کی جانب سے جام کمال خان کے حمایتی 10 ارکان اسمبلی کو مراسلہ میں وارننگ دیدی کہ تحریک عدم اعتماد میں ووٹنگ پر جام کمال خان کی حمایت کی تو پارٹی سے ڈی سیٹ کر دیا جائے گا۔

دوسری جانب چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی اور وزیر دفاع پرویز خٹک نے جام کمال خان سے ملاقات کی جس میں تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر مشاورت مکمل کی گئی۔