Thursday, March 28, 2024

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے بی اے پی صدارت سے استعفے کی توثیق

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے بی اے پی صدارت سے استعفے کی توثیق
October 2, 2021 ویب ڈیسک

کوئٹہ (92 نیوز) بلوچستان میں حکمران جماعت بحران کا شکار، بی اے پی کی کورکمیٹی نے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے پارٹی صدارت سے استعفے کی توثیق کردی۔

بلوچستان میں سیاسی درجہ حررارت عروج پہنچ گیا، وزیراعلیٰ جام کمال اور ناراض ارکان کے درمیان دوریاں ختم نہ ہوسکیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کو تحفظات کے خاتمے کے لئے دی جانے والی 15 روزہ مہلت بھی ختم ہونے لگی۔

وزیراعلیٰ جام کمال کی جانب سے بلوچستان عوامی پارٹی کے صدارت سے مستعفی ہونے کے بعد پارٹی کی کور کمیٹی کا اہم اجلاس بی اے پی کے بانی رہنماء سعید ہاشمی کی زیرصدارت ہوا۔ کور کمیٹی نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے پارٹی صدرات سے استعفے کی توثیق کردی۔ پارٹی کی مرکزی ایگزیکٹیو کمیٹی کا اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس میں پارٹی انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔

بی اے پی کے ناراض ارکان کے سرکردہ رہنماء اسپیکر عبدالقدوس بزنجو اور اتحادی ارکان پر مشتمل 16 ارکان کی بھی اہم بیٹھک ہوئی۔ ناراض ارکان نے مائنس جام کمال فارمولے پر ڈٹے رہنے کا عزم ظاہر کیا۔

گزشتہ 20 روز کے دوران چیئرمین سینٹ، بلوچستان کے سینیٹرز اور صوبائی وزراء کی وزیراعلیٰ جام کمال اورناراض ارکان کو منانے کی کوششیں ناکام ثابت ہوئیں۔

ایک مرتبہ پھر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی متحرک ہوگئے ہیں، تین روزہ دورے پر چیئرمین سینیٹ مصالحتی مشن پر آج کوئٹہ پہنچ رہے ہیں۔ وہ وزیراعلیٰ جام کمام اور باغی گروپ سے ملاقاتیں کرکے منانے کی کوشش کریں گے۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا ہے کبھی سیٹ، پوزیشن یا عہدہ میرے لیے اہم نہیں رہا۔ پہلے دن سے بلوچستان عوامی پارٹی کیلئے کام کیا، اب عام پارٹی ممبر کی حیثیت سے کام کریں گے۔

جام کمال نے بلوچستان عوامی پارٹی کی صدارت سے گزشتہ رات استعفی دے دیا تھا۔