Thursday, April 25, 2024

وزیراعلیٰ بزدار کی نگرانی میں راشن اور امدادی سامان سے بھرے ٹرک روانہ

وزیراعلیٰ بزدار کی نگرانی میں راشن اور امدادی سامان سے بھرے ٹرک روانہ
April 4, 2020
لاہور (92 نیوز) حکومت اورشہریوں کے اشتراک سے غریب اور نادار افراد کے لئے راشن اور امدادی سامان کی فراہمی کا آغاز ہوگیا، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب یونیورسٹی گراؤنڈ میں زیرنگرانی امدادی سامان سے بھرے ٹرک روانہ کئے، دوسری جانب وزیراعلیٰ نے تونسہ کے علاقے بستی کھیوے والی میں غلط انجکشن سے باپ بیٹی کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی اپیل پر مخیر حضرات اور تاجر برادری کی طرف سے امدادی سامان کے خطیرعطیات شروع ہوگئے۔ سردار عثمان بزدار پنجاب یونیورسٹی کے گراؤنڈ میں پہنچے اور اپنی نگرانی میں امدادی سامان سے بھرے ٹرک روانہ کئے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے جاری کردہ بیان میں کہا کہ ضرورت مند افراد کو گھروں میں راشن اور امدادی سامان مہیا کیا جائے گا۔ مخیر حضرات اور تاجر برادری کے تعاون سے امدادی سامان کے ایک سو ٹرک مختلف اضلاع میں بھیجے جا رہے ہیں۔ لاہور اور راولپنڈی میں پچیس پچیس اور گوجرانوالہ میں بیس ٹرک امدادی سامان تقسیم کیا جائے گا۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ نے تونسہ کے علاقہ بستی کھیوے والی میں غلط انجکشن سے باپ بیٹی کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔ سردار عثمان بزدار نے کمشنر ڈیرہ غازی خان سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات کاحکم دے دیا۔