Thursday, March 28, 2024

وزیراعلیٰ بزدار کا لاہور کے بعض نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی کھڑا ہونے پر اظہار برہمی

وزیراعلیٰ بزدار کا لاہور کے بعض نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی کھڑا ہونے پر اظہار برہمی
August 2, 2020
لاہور (92 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور کے بعض نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی کھڑا ہونے پر برہمی کا اظہار کردیا، واسا حکام کو فوری نکاسی آب کا حکم یدیا، رپورٹ بھی طلب کرلی۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ بارش کا پانی کھڑا ہونے سے رہائشیوں کو مشکلات کا سامنا ہے، متعلقہ حکام کی بے خبری افسوسناک ہے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے عیدالاضحی کے دوسرے روز بھی صفائی آپریشن موثر انداز سے جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ گزشتہ روز کی طرح آج بھی صفائی کے بہترین انتظامات ہونے چاہئیں۔ صفائی آپریشن  پر مامور گاڑیاں تسلسل کے ساتھ گلیوں سڑکوں اور محلوں کا گشت کریں۔ بروقت آلائشیں اٹھا کر مناسب طریقے سے ٹھکانے لگائی جائیں۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں اور متعلقہ ادارے شہروں کو صاف ستھرا بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ شہر وں کی صفائی کیلئے تمام ممکنہ وسائل فراہم کئے گئے ہیں۔ شہریوں کو صفائی کے ضمن میں کوئی شکایت نہیں ہونی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ جہاں کہیں سے کوئی شکایت آئی، عملے کے خلاف تادیبی کارروائی ہوگی۔ ہر قیمت پر شہر صاف ستھرا نظرآنےچاہیئں۔ ماحول کو صاف ستھرا رکھنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ شہری قربانی کرنے کے فوراً بعد صفائی کیلئے قائم سیل پر رابطہ کرکے آلائشیں اٹھوائیں۔