Saturday, April 20, 2024

وزیراعلیٰ بزدار نے تحریک لبیک کیساتھ کالعدم کے خاتمے کیلئے سمری کی منظوری دیدی

وزیراعلیٰ بزدار نے تحریک لبیک کیساتھ کالعدم کے خاتمے کیلئے سمری کی منظوری دیدی
November 4, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) تحریک لبیک کو کالعدم تنظیموں کی فہرست سے نکالنے کیلئے اہم پیشرفت ہوگئی، پنجاب کابینہ نے سمری کی منظوری دے دی۔ لاہور ہائیکورٹ نے سعد رضوی کی رہائی کیلئے دائر درخواست نمٹادی جبکہ تنظیم کے کارکنوں کی رہائی کا سلسلہ جاری ہے۔ 

وزیراعلیٰ پنجاب نے تحریک لبیک کو کالعدم تنظیموں کی فہرست سے نکالنے کیلئے محکمہ داخلہ کی سمری کی منظوری دیدی۔ اس کے بعد صوبائی کابینہ سے بھی سرکولیشن سمری کی منظوری لی گئی، اب یہ سمری وفاق کو بھیجی جائے گی۔

پنجاب کابینہ کی سب کمیٹی نے کالعدم تنظیم کے90افراد کو فورتھ شیڈول سے نکال دیا، مزید100  کارکنوں کو رہا کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی۔ سیون اے ٹی اے کے تحت درج 4 ایف آئی آرز سے بھی نام خارج کردیا گیا۔

قصور اور مریدکے سے متعدد کارکنوں کو رہا کردیا گیا، ڈی پی او قصور کے مطابق 37 سے زائد افراد نظر بند تھے۔ مریدکے پولیس کے مطابق 196 کارکن جیل سے رہا کردئیے گئے، دہشت گردی، اغوا اور قتل کے ملزم رہا نہیں ہوں گے۔

لاہور ہائیکورٹ میں سعد رضوی کی رہائی کی درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔ سعد رضوی کے وکیل نے موقف اختیار کیا حکومت اور ٹی ایل پی کے معاملات طے ہو رہے ہیں۔

لانگ مارچ اور دھرنے پر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے رپورٹ مکمل کرلی، ایف آئی نے ریاست مخالف پوسٹوں پر75 ملزموں کو حراست میں لے لیا۔ 7 ممالک میں 28 واٹس ایپ گروپ چلائے جارہے تھے جن میں 3 ہزار پوسٹیں کی گئیں۔ ملزموں کی جانب سے 90 فیس بک پوسٹ جبکہ 150  ویڈیوز یوٹیوب پر اپ لوڈ کی گئیں۔