Tuesday, May 7, 2024

وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس ، پانچ سیمنٹ پلانٹس لگانے کی منظوری

وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس ، پانچ سیمنٹ پلانٹس لگانے کی منظوری
December 8, 2020

لاہور (92 نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت پنجاب کابینہ کا اڑتیسواں اجلاس ہوا جس میں پانچ سیمنٹ پلانٹس لگانے سمیت کئی فیصلوں کی منظوری دی گئی۔

 اجلاس میں بارش، سیلاب اور ژالہ باری سے متاثرہ علاقوں کے نقصان کے ازالے کے لئے مالی امداد کے پیکیج کی منظوری دی گئی۔ پنجاب کابینہ نے موٹر گاڑیوں کی تاخیر سے رجسٹریشن پر اضافی فیس معاف کرنے ، آن لائن کالج ایڈمیشن سسٹم کی منظوری بھی دی۔

پنجاب کابینہ کے اجلاس میں پانچ سیمنٹ پلانٹس لگانے ، نجکاری بورڈ کی  چھ سوستانوے زمینیں ڈویژنل کمشنرز کو منتقل کرنے کے فیصلے کی منظوری دی گئی۔

وہاڑی، بہاولنگر، لوئی بھیر راولپنڈی اور بانسرہ گلی مری کے چار وائلڈ لائف پارکس کو زولوجیکل گارڈنز قرار دینے کی منظوری بھی دی گئی۔ شاہدرہ میں چلڈرن اینڈ فیملی پارک کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پارک کے لئے 70 کنال اراضی منتقل کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے صوبائی کابینہ کے فیصلوں کی تفصیلات بتائیں۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت یونیورسل ہیلتھ کوریج پر اعلیٰ سطح کا اجلاس  بھی ہوا جس میں  صوبے  کے ہر شہری کو ہیلتھ کوریج فراہم کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا۔