Monday, May 13, 2024

وزیراعلیٰ پنجاب کے سرکاری آفسز ، اسپتال اور تھانوں کے اچانک دورے

وزیراعلیٰ پنجاب کے سرکاری آفسز ، اسپتال اور تھانوں کے اچانک دورے
April 23, 2019

 لاہور (92 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مختلف اضلاع کے سرکاری آفسز ، اسپتال اور تھانوں کے اچانک دورے کیئے۔ فرائض میں غفلت برتنے والے افسران کے موقع پر ہی معطل کرنے کے احکامات صادر کرتے رہے۔

 وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اچانک وہاڑی پہنچ گئے، خانیوال میں بھی چھاپے مارے۔ وزیراعلیٰ نے بغیر اطلاع تھانہ صدر وہاڑی کا اچانک دورہ کیا، حوالات میں بند ملزمان سے ان کے مسائل پوچھے۔

 انہوں نے تھانے میں موٹر سائیکلیں کھڑی کئے جانے پر برہمی کا اظہار کیا اور انکوائری کا حکم دے دیا۔ سردار عثمان بزدار نے فرائض سے غفلت برتنے پر تھانہ صدر وہاڑی کے ایس ایچ او عمران صدیقی کو معطل کر دیا۔

 سردارعثمان بزدار نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال وہاڑی کا دورہ کیا۔ مریضوں سے ملے اور ان کی خیریت اور سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔

 طبی ٹیسٹوں کی فیس وصول کرنے کی شکایت پر وزیراعلیٰ نے برہمی کا اظہار کیا اور معاملے کی انکوائری کا حکم دے دیا۔

 مریضوں اور لواحقین کی شکایات پر ڈسٹرکٹ اسپتال وہاڑی کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر کے خلاف بھی انکوائری کا حکم دے دیا۔ وزیراعلیٰ نے وہاڑی کے دورے کے دوران عوامی شکایات پر چیف آفیسر بلدیہ حافظ خالد ارشاد کو معطل کر دیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب اچانک ڈپٹی کمشنر آفس خانیوال بھی پہنچے۔ ڈی سی آفس میں افسروں اور عملے کی حاضری چیک کی، فرائض سے غفلت برتنے پر ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹری کو معطل کر دیا۔

 انہوں نے کہا کہ وہ عوامی خدمت کے جذبے سے عاری افسروں کو برداشت نہیں کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ تعلیم اور محکمہ آبپاشی کے دفاتر کے دورے بھی کئے۔

 وزیراعلیٰ نے محکمہ سوشل ویلفیئر خانیوال کے زیر انتظام دارالامان کا دورہ بھی کیا اور وہاں مقیم خواتین کے ساتھ بچوں کو دودھ، بسکٹ اور سویٹس دینے کی ہدایت بھی کی۔