Friday, April 19, 2024

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس، غیرملکیوں کی حفاظت کیلئے سپیشل پروٹیکشن فورس کے قیام اور زمبابوے کرکٹ ٹیم کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس، غیرملکیوں کی حفاظت کیلئے سپیشل پروٹیکشن فورس کے قیام اور زمبابوے کرکٹ ٹیم کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت
May 9, 2015
لاہور (92نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی زیرصدارت 4گھنٹے طویل اجلاس ہوں۔ اجلاس میں صوبے میں امن وامان کی مجموعی صورتحال، پنجاب سیف سٹی پراجیکٹ، ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول کی استعداد کار میںاضافے، زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے سکیورٹی انتظامات اور سپیشل پروٹیکشن فورس کے قیام کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔ اس موقع پر شہبازشریف نے کہا کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کےلئے پنجاب سیف سٹی پراجیکٹ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ دریں اثناءاجلاس میں ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول کی توسیع کا فیصلہ کیا گیا اور بیدیا ں روڈ پر موجود سکول میں افسروں اور اہلکاروں کی تربیت کےلئے نیا کیمپس بنانے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں10ہزار اہلکاروں پر مشتمل سپیشل پروٹیکشن فورس کے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیا جو چینی باشندوں اور غیرملکیوں کی حفاظت کےلئے بنائی جارہی ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سپیشل پروٹیکشن فورس میں اہلکاروں کی بھرتیاں این ٹی ایس کے ذرےعے مکمل طو رپر میرٹ پر کی جائیں۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ہدایت کی کہ زمبابوے کرکٹ ٹیم کودورہ لاہور کے دوران فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے اور زمبابوے کرکٹ ٹیم کی سکیورٹی کےلئے چار درجاتی حصار بنائے جائیں جبکہ دورے کے دوران ٹریفک کی روانی کےلئے متبادل روٹس کا انتظام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی آگاہی کےلئے متبادل روٹس کی مناسب تشہیر ضروری ہے۔ اجلاس میں صوبائی وزیرداخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ، وزیرقانون مجتبیٰ شجاع الرحمن، اراکین صوبائی اسمبلی رانا ثناءاللہ خان، زعیم حسین قادری، معاون خصوصی رانا مقبول احمد، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری داخلہ، متعلقہ سیکرٹریز، کمشنر لاہور ڈویژن اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔