Sunday, April 28, 2024

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اجلاس ، ٹڈی دل کے حملے اور کورونا کی صورتحال پر غور

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اجلاس ، ٹڈی دل کے حملے اور کورونا کی صورتحال پر غور
June 4, 2020
 رحیم یار خان (92 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت رحیم یار خان میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ٹڈی دل کے حملے اور کورونا کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے رحیم یار خان، روجھان او رگڑھی چاکر، میرپور ماتھیلو کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کورونا اور ٹڈی دل پر قابو پانے کیلئے حکومتی اقدامات کا جائزہ لیا۔ عثمان بزدار نے ٹڈی دل پر کنٹرول کرنے کیلئے تمام ممکنہ وسائل اور اقدامات بروئے کار لانے کی ہدایت کر دی۔ کورونا کے حوالے سے جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیا اور کہا خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائیگی۔ وزیراعلیٰ نے کہا عوام کو کورونا سے بچانے کیلئے ہر ممکن انتظامی اقدام اٹھائیں گے۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مارکیٹوں اور بازاروں کو سیل کر دیا جائیگا ۔ ٹڈی دل سے بچاؤ کیلئے موثر اقدامات کئے ہیں۔ موثر سرویلنس میکنزم وضع کیا گیا ہے۔ 95535 ہیکٹر رقبے پر سپرے کیا جا رہا ہے۔  وزیراعلیٰ پنجاب ، زیرصدارت ، اجلاس ، ٹڈی دل ، حملے ، کورونا ، صورتحال ، غور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے روجھان میں مقتول سردار عاطف مزاری کے خاندان سے اظہار تعزیت ، ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور غمزدہ خاندان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ صوبہ سندھ کے علاقے گڑھی چاکر،میر پورماتھیلومیں سردار رحیم بخش بزدارکی رہائش گاہ پہنچے اور انکی والدہ کے انتقال پراظہار افسوس کیا۔ مرحومہ کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ عثمان بزدار نے گڑھی چاکر میں قبائلی عمائدین اور معززین علاقہ سے ملاقات کی اور پنجاب کے دورے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا صوبائی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے پہلے بلوچستان گیا،آج سندھ آیا ہوں اور بھائی چارے، محبت اور اتحاد کا پیغام لایا ہوں ۔ ہم سب ایک لڑی میں پروے ہوئے ہیں، ہمارے دکھ سکھ سانجھے ہیں۔ خیبر پختونخوا بھی جاؤں گا، پسماندہ علاقوں کی ترقی میرا مشن ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کیلئے پیش رفت جاری ہے اور بہت جلد جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ فنکشنل ہو جائے گا۔ اس موقع پر قبائلی عمائدین نے کہا آپکے دور میں جنوبی پنجاب کے عوام کو انکا حق ملاہے، آپ نے جنوبی پنجاب میں بے شمار ترقیاتی کام کرائے ہیں۔