Thursday, May 9, 2024

وزیراعلیٰ پنجاب کی جشن میلاد کے پروگراموں میں شرکت

وزیراعلیٰ پنجاب کی جشن میلاد کے پروگراموں میں شرکت
October 30, 2020
لاہور (92 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب بھی جشن میلاد کے پروگراموں میں شریک ہوئے، محافل میں ملک وقوم کی سلامتی،ترقی اورامن وامان کے لیے دعائیں کی گئیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی محافل میلاد میں شرکت!، وزیراعلیٰ آفس ایٹ کلب روڈ کی جامع مسجد میں عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر روح پرور محفل کا اہتمام کیا گیا، جس میں وزیراعلیٰ سردارعثمان خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ قاری محمد ذیشان حنیف نے تلاوت قرآن پاک کی سعادت حاصل کی، ڈی جی اوقاف طاہر رضا بخاری نے بیان سیرت النبی ؐ سے محفل میلاد کا آغاز کیا۔ محفل میلاد میں بارگاہ رسالتؐ میں ہدیہ عقیدت کے پھول پیش کئے گئے۔ قاری محبوب احمد چشتی نےملک و قوم کی سا لمیت، ترقی، خوشحالی اور امن کے لئے خصوصی دعا کرائی۔ اس موقع پر مقبوضہ کشمیر کی آزادی اورکشمیری شہداء کیلئے بھی خصوصی دعا کی گئی۔ عیدمیلاد النبیﷺ کے پرمسرت موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر پناہ گاہوں میں محفل میلاد ﷺ کا انعقاد کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے ٹھوکر نیاز بیگ پناہ گاہ میں محفل میلاد ﷺ میں شرکت کی اور پناہ گاہ میں مقیم افراد کیساتھ بیٹھ کر نعت رسول مقبول ؐ سننے کی سعادت حاصل کی۔ محفل میلاد ؐ کے آخر میں ملک کی سلامتی، امن، استحکام اور قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے دعا کروائی گئی۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے پناہ گاہ میں مقیم افراد کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا اور مقیم افراد کے مسائل بھی پوچھے۔